Mehboob Sy Shadi Muhabbat Ki Barbdi

Mehboob Sy Shadi Muhabbat Ki Barbdi

محبوب سے شادی،محبت کی بربادی

بالی ووڈ کی باغی اداکارہ کنگنارناؤت آج کل ایک برطانوی سائنس دان کے بہت قریب ہیں تاہم وہ شادی کے رشتے میں قید ہوکر محبت کا رشتہ برباد نہیں کرنا چاہتیں

بدھ 11 اکتوبر 2017

ہما میر حسن:
کنگنا راناؤت شوخ، نٹ کھٹ، بیباک اور البیلی ہیں۔ وہ اپنے دل کی بات ہمیشہ سرعام کہتی ہیں۔ اپنی شباہت میں وہ کوئی “سکول گرل“ لگتی ہیں مگر فلموں میں انہوں نے بڑے پختہ کردار نبھائے ہیں۔ کنکنا کو کبھی اے کلاس اداکاراؤں کی فہرست میں شمار نہیں کیا گیا مگر وہ کئی بڑے ایوارڈ اپنے نام کر چکی ہیں۔ کنگنا 23 مارچ1986 کو ہما چل پردیش کے ایک چھوٹے سے گاؤں بمبالہ میں پیدا ہوئیں۔
ان کی والدہ آشا سکول ٹیچر اور والد امردیپ بزنس مین ہیں۔ ان کے والدین انہیں ڈاکٹر بنانا چاہتے تھے لیکن کنگنا نے سولہ برس کی عمر میں ہی ماڈلنگ کاآغاز کردیا۔ 2006 میں انہوں نے فلم ”گینگسٹر“ میں پہلی بار بحیثیت اداکارہ کام کیا، جس پرانہیں فلم فئیر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

(جاری ہے)

ان کی دوسری فلموں میں ، وہ لمحے،لائف ان اے میٹرو، فیشن، راز،ونس اپون اے ٹائم ان بمبئی، تنوویڈ منواور کوئیں شامل ہیں۔

سائنس فکشن سیریز کی فلم ”کرش 3“ میں انہون نے ریتک روشن کے ساتھ کام کیا ہے۔ اپنے بارہ سالہ کیرئیر میں کنگنا 30 فلموں میں کام کرچکی ہیں جبکہ اپنی لاجواب پرفارمنس پر 31 اہم اعزازت اپنے نام کرچکی ہیں جن میں تین نیشنل فلم، چار فلم فئیر،اور تین انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈز بھی شامل ہین۔ کنگنا کا شمار بالی ووڈ کی مہنگی ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو ایک فلم کا معاوضہ گیارہ کروڑ روپے وصول کرتی ہیں جبکہ وہ واحد اداکارہ ہیں جو بالی ووڈ کے ٹاپ سٹارز کی طرح سو کروڑ سے زائد منافع کمانے والی فلم”کوئین“ کرچکی ہیں۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ کنگنا نے بالی ووڈ میں دوسرے درجے کی فلموں میں اداکاری سے فنی سفر کا آغاز کیا مگر آج وہ اپنی انتھک محنت کے بل بوتے پر انڈسٹری کی ٹاپ ہیروئنز کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوچکی ہیں۔
بچپن سے باغی ہوں: کنگنا بچپن سے ہی من موجی اور نڈتھیں۔ وہ کہتی ہیں”میں بچپن سے ہی باغی ہو، جب میرے والد میرے بھائی کو پلاسٹک کی بندوق اور مجھے گڑیا کا تحفہ دیا کرتے تو میں اسے قبول نہ کرتی اور کہتی کہ یہ امتیاز کیوں برتا جارہا ہے؟“ اپنی من مانی کرتے ہوئے کنگنا نے تعلیم بھی ادھوری چھوڑ دی اور اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے ہماچل پردیش سے دہلی کا رخ کیا جہاں کچھ عرصہ تھیٹر اور ماڈلنگ کرنے کے بعد جب وہ دہلی سے بمبئی آئیں تو ادکار آدتیہ پنچولی اور ان کی اداکارہ بیوی زرینہ وہاب نے انہیں اپنے گھر میں جگہ دی اور ان کی بہت مدد کی۔
2007ء میں کنگنا نے پولیس میں ایک کیس درج کرایا کہ آدتیہ پنجولی نے شراب کے نشے میں اسے سڑک بیچوں بیچ زدوکوب کیا ہے۔ آدتیہ نے کہا کہ کنگنا نے اس سے دو لاکھ روپے ادھار لئے تھے۔ میڈیا نے اس خبر کو بہت اچھالا۔ کنگنا کہتی ہیں یہ سب میری زندگی کا ایک حادثہ تھاجس کے زخم میرے جسم کے ساتھ میرے ذہن میں بھی موجود ہیں میرا پنچولی کے ساتھ کوئی افئیر نہیں تھا۔
بہر حال ایک گاؤں سے آئی ہوئی لڑکی کنگنا نے جب بی ٹاؤن میں قدم رکھا تو انہیں بہت تنقید کا نشانہ بنایا گیا کبھی ان کے فیشن تو کبھی ان کی انگریزی کا مذاق اڑایا گیا۔ مگر کنگنا نے کبھی ان باتوں کی پرواہ نہیں کی۔اور اپنے کام پر توجہ مرکوز رکھی۔حال ہی میں کرن جوہر اور سیف علی خان نے بھی آئیفا ایوارڈ کی تقریب میں کنگنا کا مذاق بنایا تھا جس پر کنگنا کا کہنا تھا”مجھے کسی سے کوئی فرق نہیں پڑتا، فرق انہیں پڑتا ہے جو کسی کو عزت دینا نہیں جانتے۔
میرا فلمی دنیا میں جدوجہد کا سفر جاری ہے۔یہ میری زندگی کا خوبصورت ترین سفر ہے۔اب مجھے مداحوں کی جانب سے بھی پذیرائی مل رہی ہے۔میری کارکردگی کے بارے میں جو تصور پایا جاتا ہے وہ اب تبدیل ہوچکا ہے“۔
ریتک روشن کے ساتھ جھگڑا کیا تھا؟اپنے جذبات کا برملا اظہار کرنے سے کبھی نہیں ہچکچاتیں، یہی وجہ ہے اپنے افئیرز پر کھل کر بات کرتی ہیں۔
انہوں نے اداکار ریتک روشن سے اپنے تعلقات کا بھی برملا اعتراف کیا تھا مگر جلد ہی ان کی ریتک کے ساتھ مبینہ محبت کے چرچے تمام ہوئے اور انہوں نے اس باب کو بند کر کے اس پرمٹی ڈال دی۔بالی ووڈ میں رشتے بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں، کنگنا اور ریتک کے درمیان جھگڑا اس وقت شروع ہوا جب کنگنا نے اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ریتک ان کے لیے وقت گزاریکا ذریعہ تھا اور وہی ان سے قربت بڑھانے کی کوشش میں لگا رہتا تھا۔
اسکے بعد دونوں کے درمیان قانونی لڑائی چھڑگئی۔ ریتک نے کنگنا سے سرعام معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس کے اس دعوے کو بھی خارج کردیا کہ کنگنا اور ان کے درمیان کبھی کوئی تعلق رہا ہے۔ جبکہ کنگنا کا کہنا تھا کہ وہ زندگی میں آگے بڑھ چکی ہیں اور وہ کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھتیں۔ کنگنا کا ماننا ہے کہ محبت اور تعلقات سے متعلق کھل کر بات کرنی چاہیے۔
وہ کہتی ہیں”میرے تمام سابق دوست ایک بار پھر میری زندگی میں واپس آنا چاہتے ہیں اور یہ ایک ریکارڈ ہے جو شاید صرف میرے پاس ہے۔ میں صاف گو ہوں، مجھے جھوٹ بولنا نہیں آتا۔ میری کوشش ہوتی ہے کہ میں دوسروں کے منہ پر سچ بول دوں کیونکہ میں کوئی بات دل میں نہیں رکھ سکتی“۔ 
ایک انوکھی خواہش: اپنی بات لوگوں کے سامنے بیباکی سے رکھنے والی کنگنا نے ایک بار پھر چونکانے والا بیان دیا ہے ۔
اس بار انہوں نے کہا ہے کہ وہ اب ماں بننے کے بارے میں سوچ رہی ہیں یعنی کے وہ جلد یا بدیر شادی کر ہی لیں گی․․․․ کنگنا کے مطابق اب وہ مکمل طور پر خود کفیل ہیں اسی لئے اب ان کے دل میں ماں کی ممتانے انگڑائیاں لینا شروع کردی ہیں“ اپنی شادی کے بارے میں کنگنا کا نکتہ نظر بہت واضح ہے کہ وہ شادی کے رشتے میں جکڑنے کی خواہش نہیں رکھتیں اور نہ ہی شادی کے نام پر محبت کا رشتہ قربان کرنا چاہتی ہیں۔
کنگنا آزادی کی قائل ہیں اور مانتی ہیں کہ رشتوں میں بھی آزادی ہونی چاہیے۔بقول کنگنا میں سمجھتی ہوں کہ آج بھی بے لوث اور بے غرض محبت کا وجود باقی ہے اور میں بھی آج کل ایک شخص سے اسی جذبے کے ساتھ منسلک ہوں“ کنگنا آج کل ایک برطانوی سائنس دان کے بہت قریب ہیں۔ کنگا اپنی فٹنس کا بھی بہت خیال رکھتی ہیں” میری سمارٹنس کا راز چہل قدمی کرنا ہے۔
میں روزانہ کم از کم 30منٹ کی واک پر یقین رکھتی ہوں۔ اس سے آپ اپنی صحت کے اعلیٰ اہداف باآسانی حاصل کرلیتے ہیں۔ 16 سے 60 سال کی عمر کے ہر انسان کو اچھی زندگی گزارنے کے لئے لازمی ہرروز تیس منٹ واک ضرور کرنی چاہیے۔ روزانہ 10 ہزار قدم اٹھانا آپ کی صحت کے ساتھ معجزے کرسکتا ہے۔“
خانزکے بغیر بھی کامیاب ہوں: بالی ووڈ فلم نگری کے ساتھ کام کرنے والی ہیروئنوں کو کامیاب سمجھا جاتا ہے مگر کنگنا شاہ رخ، سلما ن اور عامر خان کے ساتھ کام کرکے شہرت نہیں چاہتیں ، وہ کہتی ہیں” ٹاپ سٹارز کا ساتھ نہیں بلکہ پرفارمنس آپ کو سٹار بناتی ہے“۔
کنگنا چاہے خانز کے ساتھ کام نہ کریں مگر ان کا د ل عامرخان کے لئے دھڑکتا ہے۔ کنگنا کے نزدیک عامر بہترین اداکار ہیں۔ایک چھوٹے سے گاؤں سے بڑے شہر آنے والی کنگنا اب کروڑ پتی بن چکی ہیں، ان کے پاس اس وقت کئی اشتہارات ہیں اور وہ ایک اشہار میں کام کرنے کا معاوضہ ڈیڑھ کروڑ روپے لیتی ہیں، جبکہ نئی اداکاراؤں میں سے وہ واحد اداکارہ ہیں جو کسی ٹاپ سٹار کے بغیر فلم کو کامیابی سے ہمکنار کرواسکتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ کنگنا نے فلموں میں کام کرنے کا معاوضہ بڑھا دیا ہے۔
بقول کنگنا”مجھے دولت جمع کرنے کا شوق نہین اور نہ میں شوباز قسم کی ہیروئن ہوں، میرے لئے اتنا ہی کافی ہے کہ میں نے گاؤں میں اپنے والدین کے لئے پرآسائش گھر اور ممبئی میں خود اپنے لئے ایک گھر خریدار ہے جہاں میری بہن میرے ساتھ رہتی ہے۔ میں اس قابل ہوگئی ہوں کہ اپنی فیملی کو آرام دے سکوں“۔

Browse More Articles of Bollywood