Shehar Nigara Mein Fashion Ki Ranginiyaa

Shehar Nigara Mein Fashion Ki Ranginiyaa

شہر نگاراں میں فیشن کی رعنائیاں

شہر نگاراں میں پاکستان فیشن ویک 2018کی رعنائیاں قابل دید تھیں ،کراچی جسے شہروں کی دُلہن کہا جاتا ہے پہلے ہی فیشن اور شوبز کا مرکز ہے ۔لہٰذا یہاں منعقد ہونے والے فیشن کے اس بڑے میلے میں شوبز ستاروں سے لے کر مشہور ماڈلز تک کی پوری کہکشاں اُتر آئی ۔

پیر 15 اکتوبر 2018

غزالہ فصیح
شہر نگاراں میں پاکستان فیشن ویک 2018کی رعنائیاں قابل دید تھیں ،کراچی جسے شہروں کی دُلہن کہا جاتا ہے پہلے ہی فیشن اور شوبز کا مرکز ہے ۔لہٰذا یہاں منعقد ہونے والے فیشن کے اس بڑے میلے میں شوبز ستاروں سے لے کر مشہور ماڈلز تک کی پوری کہکشاں اُتر آئی ۔صف اوّل کے ڈیزائنرز کے ایک سے بڑھ کر ایک ملبوسات ،زیورات کی چمک دمک ،شاندار ماحول ،اُس پر طرح دار ماڈلز اور اداکاروں کے جلووں نے نگاہوں کو خیرہ کر دیا۔

فیشن پاکستان کو نسل کے تحت باقاعدگی سے منعقد ہونے والا فیشن ویک فیشن انڈسٹری کا سب سے بڑا ایونٹ ہے ۔
پاکستان فیشن ویک کا آغاز 2009میں ہوا تھا اس ایونٹ کے ذریعے پاکستان کے نامور فیشن ڈیزائنر زنت نئے ملبوسات متعارف کرواتے ہیں جبکہ نئے ڈیزائنرز کو بھی یہ پلیٹ فارم ایک زریں موقع فراہم کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

ستمبر کے آخری روز شروع ہونے والے فیشن میں موسم خزاں اور سرما کے فیشن اور عروسی ملبوسات پیش کئے گئے ۔

پاکستان میں موسم سرما کے دوران شادیوں کی تقاریب میں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے ،یہی وجہ ہے کہ پاکستان فیشن ویک میں نمائش کیے ہوئے ملبوسات عروسی ملبوسات کے نئے فیشن متعارف کرواتے ہیں ۔
فیشن ویک میں روایتی اور غیر روایتی دونوں طرح کے ملبوسات شامل تھے ۔ٹینا درانی ،پنک ٹری ،ایچ ایس وائے ،ہماعدنان ،زینب چھوٹانی،آمنہ عقیل ،ورد اسلیم،ماہین کریم ،ماہین خان اور دیپک پروانی جیسے ناموں کے علاہو دیگر ڈیزائنرز نے اپنی تخلیقات پیش کیں ۔
ڈیزائنرز کی کو لیکشن کو عوام نے خوب سراہا ۔موسم سرما اور شادی بیاہ کی مناسبت سے ہلکے رنگوں کے ملبوسات اور شوخ رنگوں پر مبنی پارٹی اور برائیڈل وےئر پیش کئے گئے۔
اداکارہ ماڈل ماہرہ خان ،سوہائی علی ابڑو ،اظفر رحمان اور عائزہ خان سمیت ٹاپ ماڈلز نے دلکش ڈیزائن سے سجے قیمتی ملبوسات کے ساتھ دھنک رنگ ریمپ پر قدم رکھا تو دیکھنے والے دیکھتے رہ گئے ۔
ڈرامہ سیریل ”عون زارا“اور“دیاردل “کی مشہور جوڑی اداکارہ مایا علی اور عثمان خالد بٹ نے شو کے دوسرے روز ڈیزائنر وردا سلیم کے جوڑ ے پہن کر ایک ساتھ ریمپ پرواک کی اور خوب داد سمیٹی ۔
پہلے روز ڈیزائنربرینڈ ز شہلا چتور ،ثانیہ مسکتیہ ،ٹونی اینڈ گائیز،گلابو،عائشہ ہاشوانی ،ہشام ملک،ٹینا درانی،اور ثناء سفیناز نے اپنے ملبوسات پیش کیے۔

دوسرے روز برینڈز اعلان ،ماہین کریم ،وردا سلیم،عبید شیخ ،ہماعدنان ،ندا ازوراور دیپک پروانی جبکہ تیسرے روز عمر سعید ،ظہیر عباس ،ڈیلپی ،زینب چھوٹانی ،فراز منان ،نعمان عارفین اور نیلوفرشاہد کی تخلیقات پیش کی گئیں ۔فیشن ہاؤس پنک ٹری نے پاکستان فیشن ویک 2018میں اپنے ملبوسات کی تھیم اندیا کے ”گلابی گینگ“سے متاثر ہو کر رکھی ،گلابی گینگ انڈیا کی ریاست مدھیہ پردیش میں جنسی اور نسلی تشدد کے خلاف آواز اٹھا تا ہے ۔

اس کے علاوہ ریاست میں گھر یلو تشدد اور نا انصافیوں کے بھی خلاف ہے۔گلابی گینگ شمالی انڈیا میں پھیلا اور آج اس مُہم میں ڈیڑھ لاکھ کارکن ہیں جن کی عمریں 16سے 60سال کے درمیان ہیں ۔انہوں نے گلابی چھڑیاں اُٹھا کر اور گلابی رنگ کی ساڑھیاں زیب تن کرکے اپنی مختلف شناخت رکھی ہے ۔دیپک پروانی کے فیشن انڈسٹری میں 24برس مکمل ہونے پر ایف پی ڈبلیو کے آخری اور تیسرے روز ایک سو لوشو ہوا جس میں مہوش حیات اور عدنان صدیقی بطور شو اسٹاپر جلوہ گر ہوئے۔

اس موقع پر جب مہوش حیات ریمپ پرواک کے لیے آئیں تو ان کے ساتھ 5سالہ خضر دولہا کے لباس میں اسٹیج پر آیا اور سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔اسٹیج پر اس وقت دلچسپ صورتحال نظر آئی جب خضر مہوش کے پیچھے آکر چھپ گیا لیکن پھر مہوش نے اسے آگے بڑھایا اور اس کے بعد خضر نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا ،نہایت متانت کے ساتھ ہاتھوں میں گلاب کی پتیوں سے بھرا پیالہ اٹھائے اس ننھے ماڈل نے اتنی سنجیدگی سے واک کی کہ دیکھنے والوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھر گئی۔
یہی نہیں خضر کی ریمپ واک کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہے اور اسے بے حد پسند کیا جارہا ہے ۔
صارفین نے خضر اور مہوش کی ریمپ واک پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔انسٹاگرام پر ایک صارف نے لکھا”کوئی مہوش کو دیکھ ہی نہیں رہا“۔حورین نامی ایک صارف نے تبصرہ کیا”خضر مکمل طور پر شو کی زینت بن گیا۔“مہوش حیات نے بھی اس صورت حال میں دلچسپی لیتے ہوئے فیشن شو میں خضر کی ریمپ واک کی ویڈیو شےئر کی اور انہیں اپنا ”فی الحال دولہا“قرار دیتے ہوئے لکھا ”ملیے فلاور بوائے سے جس نے میرے ساتھ دیپک پروانی کے سولوشو میں واک کی ۔
“اداکارہ نے لکھا”خضر واقعی شو کی رونق تھا جس نے سب کے دل جیت لیے،اس کے تاثرات انمول تھے ۔سچ کہاجائے تو اس ساتھی اسٹار کے ساتھ مجھے اسٹیج پر ذرا بھی برا نہیں لگا۔“
فیشن ویک میں شامل فنکار پر جوش تھے ۔ماڈل وادا کا ر اسد زمان خان کا کہنا تھا کہ پاکستان فیشن ہر کسی کیلئے بہترین پلیٹ فارم ہے ،نئے ڈیزائنرز کے پاس اچھا موقع ہے کیونکہ انہیں بڑے ڈیزائنرز کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملتا ہے،انہوں نے کہا کہ گزشتہ سالوں کی نسبت فیشن انڈسٹری مزید بہتر ہوئی ہے ۔
اداکارہ سوزین فاطمہ کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کا فیشن روز بروز بڑھتا چلا جا رہا ہے ،نئے ڈیزائنرز کی نئی تخلیق سامنے آرہی ہیں ۔
فیشن پاکستان ویک ملک کی فیشن انڈسٹری میں ایک ہم سنگ میل ثابت ہو گا ۔فیشن شو میں ماڈلز کے ساتھ ساتھ شوبز سے تعلق رکھنے والے متعدد لوگوں نے بھی ریمپ پر جلوے بکھیرے جن میں عائشہ عمر،عمران عباس ،سائرہ شہروز،ثروت گیلانی ،ژالے سرحدی ،ماریہ واسطی ،ماہرہ خان ،شہریار منور،عدیل حسین، میرا سیٹھی ،مہوش حیات خان ،اعجاز اسلم ،فیصل قریشی ،احسن خان حریم فاروق ،منشا پا شا ،،،ذوئے ویکا جی ،مایا علی ،عثمان خالد بٹ ،وقار علی خان اور ثنابچہ شامل ہیں ۔
فیشن ویک کے تینوں دن موتیوں اور رنگوں کے کام سے بنے ملبوسات چھائے رہے ۔ڈیزائنرز نہایت خوب صورت رنگوں کا انتخاب کیا ،خواتین کے ملبوسات کے ساتھ ساتھ مردوں کے ملبوسات بھی شائقین کی توجہ کا مرکز بنے رہے ۔مجموعی طور پر فیشن ویک تین دن تک جلوہ افروز رہا۔

Browse More Articles of Fashion