Chooti Bar Bhi Sacha Piyar Nahi Milla

Chooti Bar Bhi Sacha Piyar Nahi Milla

چوتھی بار بھی سچا پیار نہیں ملا․․․․؟

پے درپے شادیوں اور طلاقوں سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ نور کے سابقہ شوہر حضرات طلاق کی وجہ نور کے رویوں،منتشر خیالات اور مطالبات کو قراردیتے ہیں جبکہ نور کہتی ہیں ان کا ”مان“ ہر بار توڑا گی

جمعہ 2 جون 2017

ہما میر حسن:
وہ خوبرو اور من چلی ہیں،ناز وا دان کی پہچان تو ہیں مگر اب․․․ان کی پہچان ناکام شادیاں بن چکی ہیں۔فلمی کیرئیر میں تو انہوں نے کوئی خاص معرکہ انجام نہیں دیا مگر․․․جس سرعت سے انہوں نے شادیاں رچائیں اور پھر چشم زدن میں طلاقیں لیں۔وہ ان کے نام کا حصہ بن گئیں ۔ان دنوں اداکارہ نور بخاری کی چوتھی کی خبر عام ہے،تو کیا چوتھی بار بھی انہیں سچا پیار نہیں ملا․․․․؟نور نے چوتھی شادی دوسال قبل معروف گلوکار حامد علی خاں کے صاحبزادے ولی حامد علی خاں سے کی تھی۔
اگرچہ یہ شادی خفیہ طور پر کی گئی تھی لیکن منظر عام پر آگئی ،جس کی دولہا نے تصدیق کی تھی جبکہ دلہن نے ابتدا میں انکار کیاتھا۔نوراور ولی فلم ”عشق پازیٹو“کی شوٹنگ کے دوران ایک دوسرے کے قریب آئے تھے۔

(جاری ہے)

نور نے گلوکار ولی کے ساتھ شادی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم دونوں کا نکاح پہلے ہوا تھا جسے خفیہ رکھنے کا فیصلہ ہم دونوں کا تھا۔

شادی کے اعلان کے لئے میں مناسب وقت کا انتظار میں تھی۔دوسال جب ہم دونوں نے ایک دوسرے کو اچھی طرح سمجھ لیا تو باضابطہ طور پر نکاح کا اعلان کر دیا۔شادی کے بعد نور نے اپنی پوری زندگی ولی کے ساتھ گزارنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ اب میری اب میری بیٹی فاطمہ کی شادی ہوگی تاہم قسمت کو کچھ اور منظو ر تھا۔نور چوتھی بار بھی رشتہ سے بیزار ہو گئیں اور خلع کے لئے عدالت سے رجوع کرلیا۔
نور کے قریبی دوست کہتے ہیں کہ نور اس بار بہت دلبرداشتہ ہیں اور اپنا غم بھلانے میں مصروف ہیں ۔نور اپنی چوتھی طلاق کے بارے میں کہتی ہیں“میں طلاق کی وجہ نہیں بتانا چاہتی،بس ولی کے ساتھ رہنا مشکل ہو گیا تھا اس لئے زندگی تنہا گزارنے کا فیصلہ کرلیا۔میں پہلے ہی طلاق کے لفظ سے خوفزدہ تھی مگرمجھے دوبارہ اسی تکلیف سے گزرنا پڑا۔میں جانتی ہوں چوتھی بار میرے طلاق کے فیصلے پر بہت باتیں ہوں گی تاہم میں بہت مجبور ہوگئی تھی اور میری تمام کوششوں کے باوجود میں رشتے کو قائم نہ رکھ سکی۔
کوئی بھی لڑکی بار بار طلاق یافتہ ہونے کا لفظ خود کے ساتھ منسوب نہیں کرناچاہے گی اور حتیٰ کہ میں خود سے وعدہ کیا تھاکہ”اب میں اپنے شوہر کے گھر سے نہیں جاؤں گی،یہاں سے میرا جنازہ ہی نکلے گا“لیکن بد قسمتی سے میرے نصیب میں گھر کا سکھ ہے ہی نہیں“نور اپنے ستاروں سے کہتی ہیں کہ “سب باتیں ایک طرف․․․مختصر! میں بہت تکلیف میں ہوں اور لوگوں کو میرے بارے میں کوئی رائے قائم کرنے کی ضرورت نہیں،ہماری سوسائٹی میں الزام ہمیشہ عورت پر لگا دیا جاتا ہے لیکن دلوں کی حقیقت اللہ ہی بہتر جانتا ہے ہاں البتہ لوگوں کو ایک بار پھر میری طلاق پر ہنسنے کا موقع مل گیا۔
“نور کہتی ہیں کہ”میرے والد صاحب نے کہا تھا جہاں رشتہ رہا ہو اسے گندا نہیں کرتے،اس لئے میں ولی کے بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہتی،اس کے لئے نیک تمنائیں ہیں شاید میں ہی اس معیار پر پوری نہیں اتری“۔دوسری جانب ولی حامد کا کہنا ہے کہ وہ نور کے طلاق کے فیصلے سے بالکل بے خبر تھے۔انہوں نے گزشتہ دنوں نور کی درخواست پر عدالت کے یکطرفہ کاروائی کے فیصلہ کو چیلنج کردیا ہے۔
نورکے خلع لینے کے معاملے پر ولی حامد نے سول عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے مئوقف اپنایا ہے کہ نور سے علیحدگی کا سوچ بھی نہیں سکتا عدالت کی طرف سے کاروائی یکطرفہ طور پر کی گئی اس لئے فیصلے کو کالعدم قراردیا جائے۔اب تو یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ ولی حامد اپنی شادی بچانے میں کتنے کامیاب ہوتے ہیں؟
ناقدین کہتے ہیں کہ پہلی فلمی اداکارؤں کا رواج تھا کہ ایسی جگہ شادی کی جائے جہاں ان کی شہرت کو چار چاند لگ جائے تاہم زمانے کے ساتھ رواج بھی بدل رہا ہے،اب شادی کے فوری بعد طلاق سستی شہرت کاباعث سمجھی جاتی ہے۔
اداکارہ نور ہر شادی کی وجہ،پسند عمر بھر ساتھ نبھانے کا عہد اور طلاق کی وجہ ذہنی ہم آہنگی نہ ہونا ہے جس سے لگتا ہے ہے کہ ان کی زندگی خود ان کے لئے ایک معمہ بن چکی ہے۔درحقیقت یہ محض اخلاقی اقدار کا فقدان ہے اور بے سروپا زندگی کی کہانی ہے۔شوبز کی دنیا کے دومعروف نام شادی کے نام پر کچھ دن ساتھ رہنے کا ڈھونگ رچاتے ہیں اور پھر محض سستی شہرت کے لیے طلاق پر اپنا تعلق توڑ دیتے ہیں جو پہلے ہی ایک کچے دھاگے سے بندھا ہوتا ہے۔
نور کے قریبی حلقے ا س حوالے سے کہتے ہیں معاشرے میں طلاق کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے اور آرٹسٹ بھی اسی معاشرے کا حصہ ہیں ۔نور نے ہر بار اپنا گھر بچانے کی کوشش کی ہے مگر چیزیں جب برداشت سے باہر ہوجائیں تو پھر راستے جدا کرنا ہی بہتر ہے۔نور ساری زندگی کی اذیت برا شت نہیں کرنا چاہتی تھیں۔اس لئے وہ خود کو بخوشی خود کو الگ کر لیتی ہیں۔نور سے شادی سے قبل ولی حامد خان کو کون جانتا تھا؟نور سے شادی کے بعد انہیں پہچان ملی تاہم یہ صنم بھی ہرجائی نکلا۔
ولی کے ساتھی اداکاراؤں کے ساتھ افیئرز پران کے نور سے اختلافات شروع ہوئے اور انجام جدائی نکلا۔نور جانتی ہیں کہ طلاق کا الزام انہیں پر آئے گامگر وہ خاموش ہیں اور اپنی بیٹی کی اچھی ماں بننا چاہتی ہیں نور نے ولی سے شادی سے قبل بھی شادیاں کیں اور طلاقیں لیں،ان کی گزشتہ زندگی پر ایک طائرانہ نگاہ ڈالنے کی ضرورت ہے۔نور بخاری لاہور میں پیدا ہوئی۔
پہلے انہوں نے ٹی وی کے کمرشلز میں کام کیااور پھر فلموں کی جانب راغب ہوئیں۔فلموں میں ان کی ابتدا بطور چائلڈ سٹار ہوئی تھی۔انہوں نے ریما،دردانہ رحمان اور نیلی کے بچپن کے رول کئے نور کی فلموں میں جان جان پاکستان،آگ کا دریا،مجھے چاند چاہیے،تیرے پیار میں،گھر کب آؤگے،بلی موسیٰ خان،ظل شاہ،بھائی لوگ،سایہٴ خدائے ذوالجلال شامل ہیں اور ان کے ٹیلیویژن ڈراموں میں ،میں نور کا پرستار ہوں،اُف یہ لڑکیاں،میرے انگنے میں،اور پھر تنہا شامل ہیں۔
حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم”عشق پازیٹو“میں ان کا کردار ”راجو“بہت معروف ہوا۔
نور کی پہلی شادی 2008 میں ہوئی تھی لیکن تقریباََ دوسال بعد ہی انہوں نے طلاق کے لئے عدالت سے رجوع کرلیا۔2004 کے آغاز میں نور دبئی شاپنگ کرنے گئی تھیں جہاں اُن کی ملاقات ایک بھارتی ہندو تاجر وکرم سے ہوئی اور مختصر عرصے میں دونوں ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوگئے اور انہوں نے جیون بھر ساتھ رہنے کا وعدہ کیا۔
وکرم نور کی محبت میں مسلمان ہوگئے تھے،اس حوالے سے نور کا کہنا تھا کہ ان کا شوہر وکرم ہندو رتھا۔شادی کے لئے انہوں نے اسلام قبول کر لیا تھا۔لیکن بعد ازاں انہیں پتا چلا کہ وہ ابھی تک غیر مسلم ہیں تو انہیں بہت شرمندگی ہوئی جس کی وجہ سے انہوں نے طلاق لے لی۔اداکارہ نور نے دوسری شادی 2010 میں ڈائریکٹر فاروق مینگل سے کی،ان کے ساتھ بھی نباہ نہ ہوسکا،ذرائع کے مطابق نور کی فاروق مینگل سے شادی صرف 4 ماہ چل سکی تھی،نشئی شوہر کے ساتھ نور کے چارماہ میں ہی مسائل پیدا ہونے شروع ہو گئے تھے۔
نور نے اس طلاق کی وجہ تشدد بتائی تھی،ان کا کہنا تھا کہ وہ مزید تشدد کا نشانہ نہیں بن سکتیں۔
نور نے تیسری شادی 2012 میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے قریبی دوست عون چوہدری سے کی ،یہ شادی بھی کچھ عرصہ ہی چل سکی۔عون کے پہلی بیوی سے دو بچے تھے۔نو ر نے عون کو بیٹی کی خوشخبری بھی دی لیکن نجانے کیوں یہ رشتہ بھی ختم ہوگیا۔نور کے قریبی ساتھیوں کا کہنا ہے کہ ”نور کے خاوند کا کہیں اور بھی تعلق تھا،نور کے احتجاج کے باوجود معاملہ حل نہ ہوا۔
پہلی بیٹی کی پیدائش کے چند ماہ بعد ہی نور کے تیسرے شوہر عون سے بھی اختلافات پیدا ہو گئے تھے۔جس کا انجام طلاق پر ہوا۔بیٹی واپس کرنے کے لئے نور کو سابق شوہر کی طرف ست دھمکیاں بھی ملیں،جس پر نور نے اعلیٰ حکام سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا“عون ایک زمیندار ہونے کے ساتھ ایک سیاسی جماعت کے اہم رہنما بھی تھے جبکہ کہا جاتا ہے کہ انہی کی بدولت نور کو پی ٹی وی پر مارننگ شو کی میزبانی ملی تھی۔
جب طلاق کے بعد عون نے نور سے اپنی بیٹی لینا چاہی تو اس حوالے سے نور کو خاصی پریشانی لاحق ہوئی جس کا اظہار وہ اپنے قریبی دوستوں میں کیا کرتی تھیں۔نور سے جب اس کے پے در پے شادی اور طلاق کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ” میری ہر طلاق کی کوئی نہ کوئی وجہ توہے،میں زندگی بھر ساتھ نبھانے کا عہد تو کرتی ہوں لیکن مجھے آج تک کوئی ایساشریک زندگی نہیں ملا،جس نے مجھے سمجھا ہو۔
میں ایک عورت ہوں اور ایک ایسے معاشرے میں رہتی ہوں جہاں مردوں کا جبر ہے۔“جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ کی شادیوں کو کانٹریکٹ میرج کہنا درست ہے؟تو انہوں نے کہاکہ”میں کوئی شرائط نہیں رکھتی،میں توگھر بساتی ہوں،ہمیشہ کے لیے ساتھ نبھانے کا عہد کرتی ہوں مگر پھر ایک طوفان آجاتا ہے جس میں میرا نشیمن ٹوٹ جاتا ہے۔“
حال ہی میں سوشل ویب سائٹ پر طلاق کے بعد نور کی ڈانس کرتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوئی جس پر ان کے دوست کہتے ہیں کہ کیا نور اب جینا چھوڑدیں؟شوبز ستاروں کا ملن اور جدائی سستی شہرت ہے اور اخلاقی بحران کی واردات کے ماسواکچھ نہیں ہے۔
ادکارہ نور کے سابقہ شوہر طلاق کی وجہ نور کے رویے منتشر خیالات اور مطالبات کو قراردیتے ہیں۔نور کہتی ہیں انہیں کسی اچھے ہم سفر کی تلاش ہے․․․مگر”اچھائی“کی انہوں نے کبھی وضاحت نہیں کی البتہ ہر طلاق کے بعد ہنسی خوشی اپنی آزادی کو انجوائے کرنے میں مصروف ہوجاتی ہیں۔

Browse More Articles of Lollywood