Moseeqi Mera Pehla Aur Akhari Ishq Hai

Moseeqi Mera Pehla Aur Akhari  Ishq Hai

موسیقی میرا پہلا اور آخر ی عشق ہے

راحت فتح علی خان کہتے ہیں ” میں نے جب سے ہوش سنبھا لا ،اپنے اردگرد موسیقی ہی کو دیکھا ہے۔ پھر نصرت فتح علی خان نے میری اس لگن کو دیکھا تو نظر کسی اور طرف بھٹکنے ہی نہیں دی “

ہفتہ 11 اگست 2018

ہما میر حسن
راحت فتح علی خان کہتے ہیں ” میں نے جب سے ہوش سنبھا لا ،اپنے اردگرد موسیقی ہی کو دیکھا ہے پھر نصرت فتح علی خان نے میری اس لگن کو دیکھا تو نظر کسی اور طرف بھٹکنے ہی نہیں دی “
زندگی کے اسرار سے آشنا کرتی ہوئی راحت فتح علی خان کی آواز جیسے ․․․․دلوں کوکسی مہربان خوشی سے ملاتی ہوئی ․․․اندھیروں میں کسی روشنی کی مانند ․․․سُر اور تال کا حسین ملاپ ․․․ایک ایسی آواز جو ہر بار سننے پربھی تشنگی کو بڑھاتی ہو․․․جو آج پورے عالم کو مسحور کر رہی ہے ․․․اور جس کا شمار قوالی کو زندہ رکھنے والی چند بیش قیمتی آوازوں میں ہوتا ہے ․․․بر صغیر پاک و ہندمیں قوالی کافن تقر یباََ چھ سو سال پرانا ہے ،جو در پشت منتقل ہوتا رہا ہے۔

پاکستان میں استاد نصرت فتح علی خان نے اس فن کو پوری دنیا میں نئے رنگ اور منفرد انداز سے متعارف کروایا ۔

(جاری ہے)


سوال : جب اپنے اُستاد نصرت فتح علی خان کے ساتھ پر فارم کرتے تھے تو کبھی سوچا تھا کہ خود بھی اتنے بڑے گائیک بن کر اُبھر یں گے ؟
راحت فتح علی : ایک بات سن کر آپ کو حیرت ہوگی کہ جب میرے والد اور تا یا نصرت فتح علی خان مجھے سخت ریاض کرواتے تھے ،تو یہ گمان ضرور ہوتا تھا کہ یہ مستقبل میں مجھ سے کوئی بہت بڑا کام لینا چاہتے ہیں ۔

ریاض کے لیے صبح 6بجے لازمی اٹھنا پڑتا تھا اور اس کی وجہ یہ تھی کہ جب انسان رات بھر کی نیند سے پیدا ہوتا ہے تو اس کے گلے کے ٹشوز نرم پڑ جاتے ہیں اور ریاض کا اثر براہ راست گلے پر پڑ جاتا ہے ۔نصرت فتح علی خان نے میری موسیقی کے ساتھ لگن کو دیکھا تو پھر نظر کسی اور طرف بھٹکنے ہی نہیں دی ،اسی وجہ سے وہ ہمیشہ مجھے اپنے ساتھ رکھتے تھے ۔
سوال : ابتداء میں آپ کی آواز نصرت فتح علی خان سے ملتی تھی ،لیکن اب تو بہت تبدیلی ہوگئی ہے ؟
راحت فتح علی :جیسا کہ سب جانتے ہیں ،عمر کے ساتھ ساتھ آواز میں بھی تبدیلی آتی ہے تو بس یہی وجہ ہے ۔
ویسے میں موسیقی میں نت نئے تجر بات بھی کرتا ہوں ۔
سوال: آپ طبعََا شرارتی معلوم ہوتے ہیں ،سنجیدہ گائیگی کرتے ہوئے مشکل تو پیش آتی ہوگی ؟
راحت فتح علی : میں راحت فتح علی خان صرف سٹیج پر ہوتا ہوں ،گھر میں ہی راحت ہوں ،شرارتی ،چُلبلا، بچوں سے چھیڑ چھاڑ کرنے والا ․․․میں بچوں کے ساتھ بچہ بن جاتا ہوں کہ یہی سب باتیں زندگی کی علامت ہیں ۔
ان چیزوں کو نظر انداز کر دے گے تو نہ اچھا میوزک بن سکے گا اور نہ ہی آپ گانوں کے ذریعے کوئی خاص پیغام دے سکیں گے ۔اگر گائیک اندر سے اداس ہے ، تو بھلا کیسے کوئی اچھا گیت گا سکتا ہے ۔
سوال : تاریخ میں پہلی بار اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پر فارم کرنا کیسا لگا ؟
راحت فتح علی : بحثییت پاکستانی مجھے بے انتہا فخر ہے کہ میں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں آواز کا جادو جگا یا ۔
وہاں مختلف ممالک کے سفارت کار ،اقوا م متحدہ کے اعلیٰ افسران ،امریکہ ،بھارت ،پاکستان ،بنگلہ دیش اور دیگر ممالک کے افسران بھی موجود تھے ۔ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے تمام انتظامات کئے تھے جبکہ پاکستان مشن برائے اقوام متحدہ نے نجی ٹی وی کے تعاون سے ” صوفی نائٹ “ کا اہتمام کیا تھا ۔ٹی وی چینلز کے ذریعے پوری دنیا نے ہماری پرفارمنس دیکھی ۔
ہم نے اپنی پر فارمنس کا آغاز ” اللہ ہواللہ ہو “ سے کیا اور قلندر دھمال ”مست قلندر “ پر اختتام کیا ۔اقوام متحدہ میں میری پر فارمنس ،میری اب تک کی فنی زندگی کے یادگار تاریخی لمحات میں سے ہے ،جسے میں کبھی فراموش نہیں کر سکوں گا ۔
سوال :اکثر بین الاقوامی شوز میں آپ صوفیانہ کلام پیش کرتے ہیں ،اس کی کوئی خاص وجہ ؟
راحت فتح علی : میں بنیادی طور پر ایک قوال ہوں ،مجھے گلوکار سے زیادہ خود کو قوال کہلوانا پسند ہے ۔
صوفیانہ کلام میری روح میں بسا ہوا ہے ۔لہٰذا میری موسیقی او رمیری روح سے قوالی کبھی جدا نہیں ہوئی ۔قوالی ہمارا خاندانی کام ہے ،ہمارے آباؤ اجداد نے فن قوالی کو فرغ دیا اوردنیا بھرمیں متعارف کروایا ۔استاد نصرف فتح علی خان جیسا دوسراقوال مجھے آ ج تک نظر نہیں آیا ،انہوں نے قوالی کے فن کو چارچاند لگائے ،انہی کی وجہ سے فنِ قوالی کو بہت عروج ملا ۔
خان صا حب کو عالمی سطح پر بھی بہت سراہا گیا او ر ایوارڈ ز سے نوازا گیا ۔
سوال:لیکن آپ کی وجہ شہرت تو بالی ووڈ فلموں میں گائے جانے والے گانے بنے ہیں ؟
راحت فتح علی : یہ کہنا صحیح ہے ،اس کے باوجود میں نے اپنی پر فارمنس کے دوران محسوس کیا ہے کہ بالی ووڈ کے گانوں سے زیادہ اثر قوالی کا ہے اور جس چیز کا اثر زیادہ ہوا ،اسے ترجیح دینی چا ہیے ۔

سوال: بالی ووڈ میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر کیسا محسوس کر رہے ہیں ؟
راحت فتح علی : بالی ووڈ کے مداح دنیا بھر میں ہیں اور یہاں کامیابی حاصل کرنا باعث مسرت ہے ۔میری بالی ووڈ سے ان گنت خوشگوار یا دیں جڑی ہوئی ہیں ۔بھارتی میوزک انڈسٹری میں آشا جی ،لتا جی ،کشو رکمار اور محمد رفیع نے اپنی کار کردگی اور آواز کا لوہا منوایا ہے جنہیں دنیا بھر میں پسند کیاگیا ۔
جب میں بالی ووڈ کا حصہ بنا تو میرے گائے ہوئے گیتوں کو بھی دنیا بھر میں سراہاگیا ۔
سوال :سنا ہے آپ بھارت جاکر اپنا گاناریکارڈنہیں کر واسکتے ،کیا بھارتی حکومت کی طرف سے کوئی پابندی عائد کی گئی ہے؟
راحت فتح علی :یہ غلط تا ثر ہے ،میں صرف اپنی مصروفیات کی وجہ سے بھارت جاکر گانے ریکارڈ نہیں کروا رہا ہوں ۔میرے انٹر نیشنل شوز کی مصروفیات ہیں جس کی وجہ سے میں بعض اوقات دبئی میں گانے ریکارڈ کروادیتا ہوں ۔

سوال :آپ کے گانے بالی ووڈ کے کس سپرسٹار پر فلمائے جائیں تو زیادہ اچھے لگتے ہیں ؟
راجت فتح علی : اکشے کمار پر فلمایا ہوا میرا گانا ”تیری اور “ مجھے بہت پسند ہے ۔انہوں نے عین میرے گانے کے مطابق پر فارمنس دی ۔دبنگ کا گانا”تیرے مست مست دو نین “ بھی سلمان خان پر بہت اچھا فلمایاگیا۔مجھے وہ بھی بہت پسند آیا ۔
سوال: کھانے میں کون سی ڈش زیادہ اچھی لگتی ہے ؟
راحت فتح علی :کوئی خاص نہیں ،ہوٹل میں ہوتا ہوں تو کلب سینڈ وچ منگوالیتا ہوں ،گھرمیں ہوتاہوں تو بیگم سے فرمائش کرکے دیسی کھانے بنواتا ہوں ۔
کریلے گوشت ،میں شوق سے کھاتا ہوں ۔
سوال:آپ کے علاوہ عاطف اسلم اور علی ظفر نے بھی بھارت میں خوب شہرت اورکامیابی حاصل کی۔ آپ کودونوں میں کون پسند ہے ؟
راحت فتح علی :مجھے ذاتی طور پر علی ظفر اچھا لگتا ہے ،اس کے علاوہ سجاد علی اور شفقت امانت علی بھی اچھے لگتے ہیں ۔
سوال :پسندیدہ لباس کون سا ہے ؟
راحت فتح علی : جیسا کہ سب جانتے ہیں کہ میں زیادہ تر کرتا ،شلوار ہی شوق سے پہنتا ہوں ،ویسے مجھے بو سکی کا کرتا بے حد پسند ہے ۔

سوال: شہرت اور دولت میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑے تو ؟
راحت فتح علی : میرا انتخاب شہرت ہی ہوگا ۔
سوال :بیوی اور محبوبہ ،دونوں میں سے کون اچھی ہوتی ہے ؟
راحت فتح علی : (قہقہہ لگا تے ہوئے) ظاہر ہے بیوی اچھی ہوتی ہے کیونکہ وہی میری محبوبہ بھی ہے ۔میری بیگم دوسری بیویوں کی طرح فرمائشی نہیں ہیں ،بہت محبت کرنے والی ہیں البتہ میں جہاں بھی جاتا ہوں تو ان کے لئے جھمکے ضرور لاتا ہوں ۔انہیں جھمکے بے حد پسند ہیں ۔
سوال : بھارتی اداکارہ کر ینہ کپور اور کتر ینہ کیف میں کس نے زیادہ متا ثر کیا ؟
راحت فتح علی : دونوں ہی اچھی ہیں لیکن مجھے ذاتی طور پر کتر ینہ کیف کی اداکاری زیادہ اچھی لگتی ہے۔

Browse More Articles of Lollywood