شاعر محمد تاج لالہ کی خود نوشت سوانح عمری ’’زندگی کا انوکھا سفر‘‘ شائع ہو گئی

پیر 12 فروری 2018 14:49

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2018ء) باب العلم لائبریری کی خصوصی کاوشوں سے معروف سماجی کارکن اور مزدور کاز کیلئے صعوبتیں، جیلیں کاٹنے اور قربانیاں دینے والے ہزارہ کے عظیم مزدور رہنما اور ہندکو زبان کے شاعر محمد تاج لالہ کی کٹھن، ہنگامہ خیز اور سبق آموز زندگی کا احاطہ کئے ہوئے ہیں ان کی خود نوشت سوانح عمری ’’زندگی کا انوکھا سفر‘‘ شائع ہو گئی ہے جس کے شائع ہونے سے قبل ہی 650 نسخے فروخت ہو گئے ہیں، ہر طرف تاج لالہ کی خود نوشت جسے مجموعی طور پر ہزارہ کی پانچویں مگر کسی عام آدمی کی پہلی خود نوست سوانح عمری کا اعزاز حاصل ہے، کو ادبی، تعلیمی، سماجی و سیاسی حلقوں میں بے پناہ مقبولیت حاصل ہو گئی ہے۔

گذشتہ روز اس کتاب کی تقریب رونمائی باب العلم لائبریری کے منتظم زاہد کاظمی اور انجمن ترقی پسند مصنفین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات پروفیسر وحید قریشی کے زیراہتمام بے نظیر شہید ہال ہری پور میں منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی معروف سماجی و سیاسی شخصیت اور سنگی ترقیاتی فائونڈیشن کے سابق ڈائریکٹر علی اصغر خان تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے ہزارہ کے نامور صحافی ایم صداقت، سہارا کے ایم ڈی ملک قمر حیات، سنگی کی سابق ڈائریکٹر شازیہ محمود اور زاہد کاظمی نے خطاب کیا۔

نظامت کے فرائض پروفیسر وحید قریشی نے انجام دیئے۔ تقریب میں سماجی، سیاسی، مذہبی، ادبی، تعلیمی و کاروباری حلقوں کے علاوہ منتخب نمائندوں اور ہر مکتبہ فکر کے افراد شخصیات جن میں خواتین بھی شامل تھیں، بھرپور شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ تاج لالہ بظاہر ایک عام مگر حقیقت میں بہت بڑے آدمی ہیں جنہوں نے معاشرہ کو شعور دیا، عوامی حقوق کا نہ صرف درس دیا بلکہ عوامی و مزدور حقوق کے تحفظ کیلئے صعوبتیں اور جیلیں بھی کاٹیں مگر آج بھی اپنے منشور اور فکر و فلسفہ پر قائم ہیں جو انسانیت سے محبت اور انسانیت کی بے لوث خدمت پر محیط ہے۔
وقت اشاعت : 12/02/2018 - 14:49:42