بالی ووڈ اداکار ونود کھنہ کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں

ونود کھنہ کی آخری رسومات میں بالی ووڈ کی جن نامور شخصیات نے شرکت کی

جمعہ 28 اپریل 2017 11:55

بالی ووڈ اداکار ونود کھنہ کی آخری رسومات ادا کر دی گئیں
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2017ء) بالی ووڈ کے نامور اداکار ونود کھنہ کی آخری رسومات گزشتہ روز ادا کر دی گئیں ، ونود کھنہ کا شمار بالی ووڈ کے خوبصورت اور رومانوی کردار کرنے والے اداکاروں میں کیا جاتا تھا ۔ونود کھنہ نے کیریئر کا آغاز 1968 میں فلم من کا میت سے کیا تھا جس کے بعد انہوں نے کئی فلموں کو اپنی لازوال اداکاری سے بالی ووڈ کے ماتھے کا جھومر بنا دیا ۔

مستانہ ، سچا جھوٹا ، میرا گائوں میرا دیش ، ہم تم اور وہ ، امتحان ، انوکھی ادا ، دل ہی تو ہے ، امر اکبر انتھونی ، مقدر کا سکندر ، ہیرا پھیری ، قربانی اور دبنگ جیسی کامیاب فلمیں شامل تھیں ۔ونود کھنہ کے دو بیٹے اکشے کھنہ اور راہول کھنہ نے بھی باپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا اور کئی فلموں میں اداکاری کی ، ونود کھنہ نے جس مہارت سے کیریئر کے آغاز میں ہیرو کے کردار میں پرفارمنس دے کر کروڑوں لوگوں کو اپنا مداح بنایا اسی طرح کیریئر کے دوسرے اور آخری دور میں بھی ان کی اداکاری لازوال اور لاجواب رہی ۔

(جاری ہے)

انہیں اداکار سلمان خان نے طویل مدت کے بعد اپنے ساتھ فلم وانٹڈ میں کاسٹ کروانے کا مطالبہ کیا جس کو منظور کرتے ہوئے ونود کھنہ کو فلم میں ان کے باپ کے کردار میں سائن کیا گیا ۔ فلم کی باکس آفس پر بلاک بسٹر کامیابی کے بعد ان دونوں کو ایک ساتھ فلم دبنگ میں کام کرنے کا موقع ملا جس میں بھی دونوں باپ بیٹا کے روپ میں تھے ۔ونود کھنہ خوبصورت اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے دل میں سب کیلئے نرم گوشہ رکھنے والے انسان بھی تھے ۔

وہ فن کے ذریعے دنیا بھر میں محبت بانٹنے کے قائل اور آپس کے اختلافات کو دوستی کے ذریعے ختم کرنے کیلئے کوشاں تھے ۔ونود کھنہ نے بالی ووڈ کے ساتھ ساتھ لالی ووڈ کی ایک فلم میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے جس کا نام گاڈ فادر تھا ۔ ونود کھنہ کی آخری رسومات میں بالی ووڈ کی جن نامور شخصیات نے شرکت کی ان میں امیتابھ بچن ، دیا مرزا ، رندھیر کپور ، جیکی شروف ، ابھیشک بچن ، ارجن رامپال ، چنکی پانڈے ، نامور شاعر گلزار ، رشی کپور، گلوکار ادت نارائن ، کوریو گرافر سروج خان ، کبیر بیدی ، ڈینی ڈین زونگوپا سمیت کئی نامور اداکار اور فلمساز شامل تھے ۔
وقت اشاعت : 28/04/2017 - 11:55:02

Rlated Stars :