بالی ووڈ کی نامور اداکارائیں جنہوں نے کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کیلئے خوبصورت بالوں کی بھی قربانی دیدی

جمعرات 20 جولائی 2017 16:52

بالی ووڈ کی نامور اداکارائیں جنہوں نے کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کیلئے خوبصورت بالوں کی بھی قربانی دیدی
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جولائی2017ء) بالی ووڈ میں کئی اداکارائیں ایسی ہیں جنہوں نے کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کیلئے اپنے خوبصورت بالوں کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کیا۔خواتین کو اپنے بالوں سے بہت لگاؤ ہوتا ہے، خواتین اپنے پاس موجود قیمتی جیولری اور بہترین لباس کی تو قربانی دے سکتی ہیں لیکن ان کیلئے بالوں کی قربانی دینا بہت کٹھن ہوتا ہے تاہم بالی ووڈ میں کئی ایسی اداکارائیں ہیں جنہوں نے اپنے کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کیلئے بالوں کی قربانی دی۔

بالی ووڈ کی نامور اداکارہ پریانکا چوپڑا نے 2014 میں فلم ’’میری کوم‘‘ کیلئے اپنا سر منڈوایا تھا پریانکا نے اپنے عمل کی وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا انہوں نے کردار کی ڈیمانڈ کے مطابق اپنے بال کٹوائے ہیں کیونکہ وہ اپنے کردار سے مکمل انصاف کرنا چاہتی تھیں۔

(جاری ہے)

بالی ووڈ کی باصلاحیت اداکارہ شبانہ اعظمی نے 2005 میں ریلیز ہوئی فلم ’’واٹر‘‘ کیلئے اپنے بالوں کی قربانی دی تھی۔

نندیتا داس کا شمار بالی ووڈ کی ورسٹائل اداکاراؤں میں ہوتا ہے وہ ہر کردار کو اتنی مہارت سے اداکرتی ہیں کہ دیکھنے والے حیرت زدہ رہ جاتے ہیں اور اپنے کردار میں حقیقت کا رنگ بھرنے کیلئے وہ کسی بھی حد تک جاسکتی ہیں۔ 2005 میں نندیتا داس نے فلم ’’واٹر‘‘ کیلئے اپنے بال کٹوائے تھے۔بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ لیزا رائے نے بھی 2005 میں فلم ’’واٹر‘‘ کیلئے اپنے بالوں کی قبانی دی تھی، بعد ازاں 2009 میں کینسر تشخیص ہونے کے بعد بھی انہیں بالوں سے محروم ہونا پڑا تھا۔

نامور اداکارہ انوشکا شرما نے گزشتہ برس ریلیز ہوئی فلم ’’اے دل ہے مشکل‘‘ میں کینسر کی مریضہ کا کردار نبھانے کیلئے بالوں سے محروم خاتون کا کردار نبھایا تھا تاہم اس کردار کیلئے انہوں نے اپنا سر نہیں منڈوایا تھا بلکہ بالوں سے محروم وِگ کا استعمال کیا تھا۔بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی بھی 2010 میں بھارت اور چین کی مشترکہ پروڈکشن میں بننے والی فلم ’’دی ڈیزائر السلام سفر آف اے وومن‘‘ میں ایک بدھ مت راہبہ کا کردار اداکیا تھا اور کردار کی ڈیمانڈ کے مطابق انہوں نے اپنے بالوں کی قربانی دی تھی۔

اداکار رنویرسنگھ اور دپیکا پڈوکون کی 2015 میں ریلیز ہوئی فلم ’’باجی راؤ مستانی‘‘ میں اداکارہ تنوی اعظمی نے بیوہ خاتون رادھا بائی کا کردار نبھانے کیلئے اپنا سر منڈوایا تھا۔۔
وقت اشاعت : 20/07/2017 - 16:52:02

Rlated Stars :