کرینہ کپور ماں بننے کے بعد دوبارہ فلموں میں آنے کے لیے تیار

ویر دی ویڈنگ کی شوٹنگ جلد ہی شروع کردی جائے گی‘حتمی تاریخ نہیں دی گئی

منگل 22 اگست 2017 11:56

کرینہ کپور ماں بننے کے بعد دوبارہ فلموں میں آنے کے لیے تیار
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2017ء)بولی وڈ اداکارہ کرینا کپور خان ماں بننے کے بعد دوبارہ فلموں میں آنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے بیٹے کو جنم دینے کے بعد طویل عرصے تک جِم میں ایکسرسائز کرکے خود کو دوبارہ فلموں کے لیے تیار کیا۔کرینہ کپور خان نے بیٹے تیمور علی خان کی پیدائش کے بعد کسی بھی فلم میں کام نہیں کیا، تاہم وہ حمل ٹھہرنے کے ابتدائی دنوں میں کچھ بولی وڈ پروجیکٹس میں نظر آئیں تھیں۔

تیمور علی خان کی پیدائش سے 2 ماہ قبل ہی فلمی سرگرمیوں کو محدود کرنے والی کرینہ کپور نے بیٹے کی پیدائش کے 3 سے 4 ماہ تک فلمی دنیا سے دوری رکھی، تاہم وہ اس عرصے دوران تقریبات میں بیٹے سمیت نظر آتی رہیں۔تین دن قبل کرینہ کپور نے اپنی ایک تصویر ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ فلم ’ویر دی ویڈنگ‘ کی تیاریاں۔

(جاری ہے)

کرینہ کپور کی جانب سے ٹوئیٹ کیے جانے کے بعد ڈی این اے نے اپنے فیس بک پیج پر کرینہ کپور خان کی فلم ویر دی ویڈنگ کی مرکزی اداکاراؤں کے ساتھ تصویر شیئر کی۔

ویر دی ویڈنگ کی شوٹنگ جلد ہی شروع کردی جائے گی، فلم کی دیگر مرکزی اداکاراؤں میں سونم کپور، سوارا بھاسکر اور شیکھا تلشانیہ شامل ہیں۔اس فلم کو سونم کپور کی بہن ریا کپور پروڈیوسر کریں گی۔کامیڈی رومانٹک فلم کی ہدایات ششانکا گھوش دیں گے، جو اس سے قبل سونم کپور کی 2014 کی فلم خوبصورت کی ہدایات دے چکے ہیں۔فلم کی ریلیز کا اعلان نہیں کیا گیا، اور نہ اس فلم کے مرکزی ہیروز کا اعلان کیا گیا ہے، فلم کی شوٹنگ جلد شروع کردی جائے گی، تاہم اس حوالے سے حتمی تاریخ نہیں دی گئی۔

علاوہ ازیں کرینہ کپور نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنی بہن کرشمہ کپور کے ساتھ بھی ایک تصویر شیئر کی، جس میں دونوں بہنیں دبلی پتلی نظر آ رہی ہیں۔کرینہ کپور نے ٹوئٹر پر کرشمہ کپور اور اپنی والدہ کے ساتھ ایک اور تصویر بھی شیئر کی، جس میں کرشمہ کپور کے بچے بھی موجود ہیں۔
وقت اشاعت : 22/08/2017 - 11:56:05

Rlated Stars :