ہماری نوجوان نسل اپنے اسلامی ورثے سے دور ہوتی جارہی ہے ‘ بی جی

ہمارے معاشرے میں اسلامی تہواروں کی بجائے مغربی روایات کو فروغ مل رہا ہے

جمعہ 16 مارچ 2018 12:39

ہماری نوجوان نسل اپنے اسلامی ورثے سے دور ہوتی جارہی ہے ‘ بی جی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2018ء) پاکستان کی معروف ڈریس ڈیزائنر بی جی نے کہا ہے کہ ہماری نوجوان نسل اپنے اسلامی ورثے سے دور ہوتی جارہی ہے اور ہمارے معاشرے میں اسلامی تہواروں کی بجائے مغربی روایات کو فروغ مل رہا ہے ،یہ والدین کا کام ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اسلامی روایات اور تہواروں کے احترام بارے آگاہی فراہم کریں ۔

انہوں نے ’’این این آئی ‘‘سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آج کی نوجوان نسل تیزی سے موبائل فون انٹر نیٹ اور سوشل میڈیا کا استعمال کررہی ہے ۔ کسی دور میں عید الفطر آنے سے قبل لوگ ایک دوسرے کو عید کارڈ بھیجتے تھے اور دور دراز کے شہروں میں خط کتابت ہوتی تھی جسے پڑھنے کے بعد ایک دلی سکون کا احساس ہوتا تھا مگر آج کل سب کچھ انٹر نیٹ او ر سوشل میڈیا پر منتقل ہوچکا ہے اور ان بے احساس اشیاء کی طرح ہماری نوجوان نسل بھی دلی احساس سے عاری ہوچکی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم مسلمان قوم ہیںاور ہمیں کسی صورت بھی اپنی دینی روایات اور تہواروں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے بلکہ ان مذہبی تہواروں کو بڑے جوش جذبات کے ساتھ منانا چاہیے اور اس کیلئے والدین ، اساتذہ اور میڈیا کے ساتھ ہر فرد کو اپنا اپنا حصہ ڈالنا ہوگا ۔ا نہوںنے کہاکہ میں دینی درس نہیں دے رہی صرف اتنا کہنا چاہتی ہوں کہ انسان کو اپنی جڑ سے علیحدہ نہیں ہونا چاہیے اور ہماری جڑ کی بنیاد ہی دین اسلام ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پہلے جب بھی ہمارا کوئی مذہبی تہوار آتا تھا تو لوگ اپنے گھروں میں نیاز دیتے تھے اور پورے محلے میں بھی تقسیم کرتے تھے لیکن اب یہ سلسلہ ختم ہو چکا ہے اور پڑوسی کا معلوم تک نہیں ہوتا کہ ساتھ والے گھر میں کون رہتا ہے ۔
وقت اشاعت : 16/03/2018 - 12:39:19