سر ی لنکا کے خلاف لاہور میں ہونے والے ٹی ٹونٹی میچ کیلئے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں گے، آئی جی پنجاب

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 20:56

سر ی لنکا کے خلاف لاہور میں ہونے والے ٹی ٹونٹی میچ کیلئے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں گے، آئی جی پنجاب
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2017ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ سر ی لنکن کرکٹ ٹیم کے لاہور میں ٹی ٹونٹی میچ کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں گے تاکہ دوسری کرکٹ ٹیموں کی پاکستان آمد کا سلسلہ بھی جلد شرو ع ہوسکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور پولیس دو برسوں سے پاکستان میں کرکٹ کیلئے آنے والی بین الاقوامی ٹیموں کی سکیورٹی کیلئے اعلی انتظامات کر رہی ہے اور29 اکتوبر کوپاکستان اور سری لنکا کے مابین قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے آخری ٹی ٹونٹی میچ کے سکیورٹی انتظامات کیلئے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان روڈ پر آر پی او شیخوپورہ آفس کی نئی عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرایڈیشنل آئی جی ویلفئیر اینڈ فنانس محمد طاہر، آر پی او شیخو پورہ ذوالفقار حمید ، ڈی پی او ننکانہ صاحب زادہ بلال عمر، ڈی پی او قصور ذوالفقار احمد، سی ٹی اولاہور رائے اعجاز احمدسمیت دیگر سینئر افسران موجود تھے ۔

آئی جی پنجا ب نے مزید کہا کہ میچ کے دوران شائقین کی سیکیورٹی کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں گے تاکہ عوام اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھ کربھرپور لطف اندوز ہو سکیں ۔ آر پی او آفس کی افتتاحی تقریب میںسینئر پولیس افسران و اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ کوئی پولیس فورس عوا م کے تعاون کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتی لہذا پولیس افسران و اہلکار رویوں میں تبدیلی لا کر عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آتے ہوئے اپنی اچھی پرفارمنس سے انکے دل جیتیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرگودھا اور لاہور سمیت کچھ اضلاع میں اہلکاروں کیلئے پولیس ہسپتال کے منصوبے کام کر رہے ہیں بہت جلد پنجاب کے دیگر تمام اضلاع میں بھی ملازمین کو علاج و معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہسپتال شروع کئے جائیں گے۔ انہو ں نے ہدایت کی کہ وہ آر پی او شیخو پورہ آفس کی عمارت کو اٹھارہ ماہ کی مقررہ مدت سے قبل تعمیر کیا جائے اور تعمیراتی کام میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ آئی جی پنجا ب نے امید ظاہر کی کہ آر پی او آفس کی عمارت بننے سے ریجن کے تینوں اضلاع قصور ، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب کی عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہو سکیں گے۔
وقت اشاعت : 21/10/2017 - 20:56:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :