ماہرہ خان پر سوشل میڈیا پر تنقید ،مہوش حیات کی بجائے سجل پریشان

جمعرات 22 فروری 2018 21:55

ماہرہ خان پر سوشل میڈیا پر تنقید ،مہوش حیات کی بجائے سجل پریشان
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2018ء) لکس اسٹائل ایوارڈز میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ لینے والی ماہرہ خان کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔جب کہ ساتھ ہی سوشل میڈیا پر مداح مہوش حیات سے زیادہ سجل علی کے لیے پریشان دکھائی دیے۔اگرچہ کچھ صارفین نے بہترین فلمی اداکارہ کا ایوارڈ مہوش حیات کو نہ دیے جانے پر دکھ کا اظہار بھی کیا، تاہم بہترین ٹی وی اداکارہ کا ایوارڈ نہ جیت پانے پر زیادہ تر لوگ سجل علی کے لیے پریشان نظر آئے۔

خیال رہے کہ 20 فروری کو ہونے والے 17 ویں لکس اسٹائل ایوارڈز میں بہترین ٹی وی اداکارہ کا ایوارڈ صبا قمر کو ان کے ڈرامے باغی پر دیا گیا۔جب کہ بہترین فلمی اداکارہ کا ایوارڈ ماہرہ خان کو ان کی فلم ورنہ پر دیا گیا۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے بہترین فلمی اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کرنے والی ماہرہ خان پر تنقید کرتے ہوئے انہیں اوور ایکٹ اداکارہ قرار دیا۔

جب کہ متعدد صارفین نے مہوش حیات کو ان سے بہتر قرار دیتے ہوئے اس بات پر افسوس کیا کہ انہیں پنجاب نہیں جاں گی میں بہترین اداکاری دکھانے پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ نہیں دیا گیا۔اگرچہ فلم پنجاب نہیں جاں گی نے مجموعی طور پر 4 ایوارڈ جیتے، تاہم یہ فلم بہترین اداکارہ کا ایوارڈ لینے میں ناکام رہی۔اس فلم کو بہترین فلم، بہترین ڈائریکٹر، بہترین اداکار اور بہترین معاون اداکارہ کے ایوارڈز دیے گئے۔فلم میں اداکاری دکھانے والے ہمایوں سعید نے بہترین اداکار کا ایوارڈ لیتے وقت مہوش حیات کی اداکاری کی تعریف بھی کی، اور اعتراف کیا کہ مہوش حیات کی وجہ سے ہی وہ فلم میں بہترین اداکاری کرنے کے قابل ہوئے۔۔
وقت اشاعت : 22/02/2018 - 21:55:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :