سال 2016ء میں 13لاکھ روپے سے زائد ٹیکس ادا کیا ‘ گلوکارہ شاہدہ منی

بدھ 26 اپریل 2017 12:49

سال 2016ء میں 13لاکھ روپے سے زائد ٹیکس ادا کیا ‘ گلوکارہ شاہدہ منی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2017ء) گلوکارہ شاہدہ منی نے کہا ہے کہ میرے حوالے سے یہ افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں کہ میں نے ایف بی آر کو ٹیکس ادائیگی کرنی ہے جو سراسر غلط تاثر ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ، میں پاکستانی شہری ہوں اور مجھے اپنے حقوق ،فرائض اور ذمہ داریوں کو مکمل احساس ہے ، میں نے اپنے تمام ریٹرن ایف بی آر کو جمع کروا رکھے ہیں ۔

انہوں نے ’’ این این آئی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ایف بی آر کی طرف سے کوئی نوٹس نہیں ملا ، اس کے باوجود میری کردار کشی کی جا رہی ہے ، میں نے سال 2016ء میں 13لاکھ سے زائد کا ٹیکس ادا کیا ہے ، اتنا ٹیکس بڑے بڑے سیاستدان بھی نہیں دیتے اور میں ٹیکس نہ دینا گناہ سمجھتی ہوں ۔ شاہدہ منی نے کہا کہ بینک منافع اور پی ٹی وی سے جو چیک ملتا ہے اس سے پہلے ہی انکم ٹیکس کاٹ لیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

گلوکاری میرا سب کچھ ہے اس کے علاوہ میرا کوئی اور کاروبار نہیں ، جو کچھ بھی آمدن ہوتی ہے اس کی تمام ریٹرن ہمیشہ بروقت جمع کرواتی ہوں اور 2016کی ریٹرن بھی جمع کروا چکی ہوں اور ابھی 2017ء انکم ٹیکس جمع کروانے کا وقت نہیں آیا جب آئے گا تو میں ضرور پاکستانی ذمہ دار شہری ہونے کی حیثیت سے اپنے ذمے واجب الاد ٹیکس ادا کروں گی ۔ انہوں نے کہا کہ میں میڈیا کے دوستوں سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ کسی خبر کو چلانے سے پہلے اس کی تصدیق ضرور کر لیں ۔
وقت اشاعت : 26/04/2017 - 12:49:39