معروف موسیقار نثار بزمی کی 10 ویں برسی منائی گئی

بدھ 22 مارچ 2017 13:21

معروف موسیقار نثار بزمی کی 10 ویں برسی منائی گئی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) معروف موسیقار نثار بزمی کی 10 ویں برسی بدھ کو منائی گئی۔ نثار بزمی نے اپنے کیریئر کے دوران 40 بھارتی اور 66 پاکستانی فلموں کی موسیقی ترتیب دی۔ 1944ء میں ممبئی ریڈیو سے نشر ہونے والے ڈرامے نادر شاہ درانی کی موسیقی ترتیب دی۔ اس کھیل کے سارے گیت سپر ہٹ ہوئے اور نثار بزمی شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے۔

یہ سال ان کی زندگی کا سنہری سال ثابت ہوا۔ نثار بزمی کی شہرت کے اگلے دو برس میں آل انڈیا ریڈیو کے سٹوڈیوز سے نکل کر بمبئی کے فلمی سٹوڈیوز میں پہنچی اور ڈائریکٹر اے آر زمیندار نے انہیں اپنی فلم جمنا پار کے گانے کمپوز کرنے کی پیشکش کی۔ یہ فلم 1946ء میں ریلیز ہوئی اور اگلے 12 برس کے دوران نثار بزمی نے 40 فلموں کی موسیقی دی۔

(جاری ہے)

1962ء میں نثار بزمی پاکستان آئے۔

اس دور میں خواجہ خورشید انور، رشید عطرے، رابن گھوش، عنایت حسین، سہیل راعنا، ماسٹر عبدالله بھی اپنے فن کے جوہر دکھا رہے تھے۔ معروف موسیقاروں کے اس جھرمٹ میں کام کرنا آسان نہ تھا۔ 1966ء میں انہوں نے’’ لاکھوں میں ایک‘‘ کی موسیقی مرتب کی اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ 1968ء میں فلم ’’صاعقہ‘‘ اور 1970ء میں فلم ’’انجمن‘‘ کی موسیقی مرتب کرنے پر نگار ایوارڈ حاصل کیا۔ 1972ء میں ’’میری زندگی ہے نغمہ، 1979ء میں خاک اور خون‘‘ میں انہیں تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔ نثار بزمی 83 سال کی عمر میں 22 مارچ 2007ء میں انتقال کر گئے۔
وقت اشاعت : 22/03/2017 - 13:21:11