اولیاء اللہ سے نسبت اعزاز کا باعث ہے‘ افضل صابری قوال

منگل 20 مارچ 2018 16:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2018ء)پاکستان کے ممتاز قوال افضل صابری نے کہا کہ بزرگان دین اور اولیاء اللہ سے نسبت کسی بھی مسلمان کیلئے اعزاز کا باعث ہے۔ ہم خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ ہمیں اولیاء اللہ کے حوالے سے شناخت ملی ہے وہ سپر ہائی وے پر واقع صابری کیٹل فارم کا ایک سال مکمل ہونے کی خوشی میں منعقدہ تقریب میں اظہار خیال کررہے تھے اس موقع پر انہوں نے خصوصی انداز میں اپنی مشہور قوالیاں بھی پیش کیں جس کو بے حد پسند کیا گیا تقریب کے مہمان خصوصی ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے سربراہ شاکر عمر گجر تھے جبکہ دیگر عہدیدار اور ڈیری فارمرز کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔

(جاری ہے)

شاکر عمر گجر نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ افضل صابری بھی ہمارے ساتھ شامل ہو کر اپنا علیحدہ کیٹل فارم چلارہے ہیں‘ اگر چہ آج کل ڈیری فارمرز کا کاروبار مندی کا شکار ہے لیکن امید ہے کہ آنے والا وقت کاروباری لحاظ سے اچھا ثابت ہوگا اس موقع پر افضل صابری نے مہمانوں کو بتایا کہ عید الاضحی کے حوالے سے انہوں نے عشق جنون ‘قربانی کے حوالے سے جو پروگرام تیار کیا ہے وہ ڈیری فارمرز کے علاوہ عوام میں بھی مقبولیت حاصل کریگا تقریب میں کراچی پریس کلب اور فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن سے وابستہ صحافیوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہوگی۔
وقت اشاعت : 20/03/2018 - 16:10:02