معروف ٹی وی کمپیئر اورادیب عبید الله بیگ کی چھٹی برسی منائی گئی

جمعہ 22 جون 2018 14:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2018ء) معروف ٹی وی کمپیئر، ادیب اور پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ کے حامل عبید الله بیگ کی چھٹی برسی جمعرات کو منائی گئی۔ عبید الله بیگ بھارتی ریاست رام پور میں پیدا ہوئے اور تقسیم ہند کے بعد ہجرت کر کے کراچی منتقل ہوگئے۔ 1970ء کے عشرے سے شروع ہونے والے پی ٹی وی کے مشہور کوئز پروگرام کسوٹی نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔

یہ پروگرام وہ غازی صلاح الدین کے ساتھ پیش کرتے تھے جو ان کے منفرد لب و لہجہ کی وجہ سے ناظرین میں بے حد مقبول ہوا۔

(جاری ہے)

اس پروگرام میں سوالات کے ذریعے اشیاء، مقامات یا کوئی واقعہ کے متعلق تقریباً 100 فیصد درست جوابات دیئے جاتے۔ انہوں نے ماحولیات کے موضوع پر لغت کی تیاری جیسا اہم کام سرانجام دیا۔ عبیدالله بیگ پاکستان کے مشہور سکالر، رائٹر، ناول نگار، کالم نگار، میڈیا ایکسپرٹ اور پی ٹی وی کے ریٹائرڈ کنٹرولر اور ماہنامہ میگزین ’’ٹی وی نامہ‘‘ بھی نکالا کرتے تھے۔

عبیدالله بیگ کو ان کی خدمات کے عوض حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نواز گیا۔ وہ 21 جون 2012ء کو اس فانی دنیا سے کوچ کر گئے تھے، ان کی برسی کے موقع پر اخبارات اور ٹی وی پر خصوصی پروگرامات پیش کئے گئے۔
وقت اشاعت : 22/06/2018 - 14:49:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :