دہشت گردی کے موضوع پر بننے والی پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی ڈرامہ سیرئیل تکمیل کے آخری مراحل میں داخل

پیر 14 ستمبر 2009 16:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 ستمبر ۔2009ء) پاکستان میں ٹیلی ویژن کی تاریخ کی مہنگی ترین ڈرامہ سیرئیل " خدازمیں سے گیا نہیں " پر تیزی سے کام جاری ہے ۔دہشت گردی پر بنائی گئی۔ اس سیرئیل کو معروف مصنف اصغر ندیم سید نے لکھاہے جبکہ اس کی ہدایات نئی سوچ کے حامل ڈائریکٹر کاشف نثار نے دی ہیں ۔جذبہ حب الوطنی ،ایکشن ،قربانی اور بہادری کی لازوال مثالوں پر بنائی گئی اس ڈرامہ سیرئیل میں ایسے مناظر بھی شامل ہیں جنھیں دیکھ کر ہالی ودڈپروڈکشن کا گمان ہوتاہے۔

سیرئیل میں حقیقی رنگ بھرنے کیلئے رحیم یار خان ،بہاولپور جہلم ،اسلام آباد اور صوبہ سرحد کے دشوار گزار علاقوں کی لوکیشنز کا انتخاب کیا گیاہے جہاں پر مشکل ترین مناظر عکس بند کئے گئے ہیں۔ جبکہ ڈارامہ کی ضرورت کو سامنے رکھتے ہوئے مصنوئی سیٹ کا سہارہ لینے کی بجائے باقاعدہ نئی تعمیرات کی گئیں ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈرامہ کی ایک اور خصوصیت یہ بھی ہے کہ اس ڈرامہ کی کاسٹ میں چاروں صوبوں کے نمائندہ بہترین اداکار اور اداکاراوٴں نے اپنے فن کے جوہردکھائے ہیں۔

نمایاں اداکاروں میں نعمان اعجاز ،عائشہ خان ،ایوب کھوسہ ،سید جبران ،سارہ چوہدری ،ٹیپو ،ارم اختر ،رشید ناز ،راشد محمود ، عاصم بخاری ،عزیم سجاد ،نجیبہ فیض اور کیپٹن ذیشان ملک اور بہت سے دوسرے اداکار شامل ہیں ۔تمام فنکار اس ڈرامہ میں ناظرین کو حقیقت کے قریب تر اور اچھوتے کرداروں میں نظر آئیں گے ۔خاص طور پر نعمان اعجاز نے اپنی فنی زندگی میں پہلی مرتبہ ایک نوجوان پٹھان کے کردار کو بڑے منفردانداز سے نبھایاہے جسے ناظرین مدتوں یاد رکھیں گے ۔

ڈرامہ سیرئیل میں دہشت گردی کے ذریعے فتنہ برپا کرنے والوں کے خلاف قربانی دینے والے سپوتوں کی بے مثال کہانی کو پیش کیا گیا ہے ۔جبکہ خود کش حملہ آو روں کی تیاری ،ان کے ایکشن اور حملوں سے انسانی جذبوں اور رشتوں کی تباہی کے درد کو کیمرہ کی آنکھ سے دکھایا گیا ہے۔ َڈرامہ کا ٹائٹل ٹریک اس ملک کے منجھے ہوئے گائیک اور استاد نصرت فتح علی خان مرحوم کے بھتیجے راحت فتح علی خان نے گایا ہے ۔

دل کو چھو لینے والی موسیقی کا سہراپاکستان کے مایہ ناز میوزک ڈائریکٹر ساحر علی بگا کے سرہے جبکہ اس گانے کی جذبات سے بھر پور شاعری ایک کم عمر شاعر عمران رضا نے کی ہے۔ یہ گانا اس وقت ملک کے کسی بھی بڑے ٹی وی چینل پر دیکھا اور ایف ایم چینل پر سنا جا سکتاہے ۔" خدا زمیں سے گیا نہیں " بہت جلد پاکستان کے بڑے وی چینلز پر دکھایا جائے گا ۔
وقت اشاعت : 14/09/2009 - 16:37:24

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :