فلم کے جدید تخلیقی ذریعہ کو اپنی ثقافت ،ورثہ ،روایات اور سکرین ٹوورازم کی ترویج کیلئے استعمال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ،ْمریم اور نگزیب

براڈ کاسٹنگ انڈسٹری کی معاونت کیلئے پرائم منسٹر فلم فنانس فنڈ اور فنکاروں کی بہبود کیلئے آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ قائم کیا جائے گا‘ وزیرمملکت

جمعہ 16 جون 2017 17:59

فلم کے جدید تخلیقی ذریعہ کو اپنی ثقافت ،ورثہ ،روایات اور سکرین ٹوورازم کی ترویج کیلئے استعمال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ،ْمریم اور نگزیب
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات‘ نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فلم کے جدید تخلیقی ذریعہ کو اپنی ثقافت ،ورثہ ،روایات اور سکرین ٹوورازم کی ترویج کیلئے استعمال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے‘ وزیراعظم پیکج کے تحت نیشنل فلم اینڈ براڈ کاسٹنگ کمیشن اور نیشنل فلم انسٹیٹیوٹ اور اکیڈمی کا قیام ‘سٹوڈیوز کو جدت سے ہم آہنگ آلات سے مزین کیا جائے گا‘ براڈ کاسٹنگ انڈسٹری کی معاونت کیلئے پرائم منسٹر فلم فنانس فنڈ اور فنکاروں کی بہبود کیلئے آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ قائم کیا جائے گا‘مالیاتی قوانین میں نرمی اور ٹیکس سے چھوٹ کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی‘غیر ملکی فلم سازوں کو بھی تمام ممکن سہولیات میسر ہوں گی۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کوترجمان حکومت پنجاب ملک محمد احمد کی ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھیں ۔ملاقات میں فلم ، پروڈکشن، براڈکاسٹنگ پالیسی اور فلمی صنعت کی بحالی کے حوالے سے وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایات اور اعلان کردہ پیکیج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ ’’فلم کے جدید تخلیقی ذریعہ کو اپنی ثقافت ،ورثہ ،روایات اور سکرین ٹورازم کی ترویج کیلئے استعمال کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پر امن اور گھٹن سے پاک معاشرے کے طور پر پوری دنیا میں پہچانا جانا چاہیے ۔گذشتہ کئی برسوں کی دہشت گردی کی عفریت نے پاکستان کا روشن اور حقیقی چہرہ مسخ کرنے کی مذموم کوشش کی ۔انہوں نے کہا کہ ہماری ہمہ جہت ثقافت سے لہو رنگ کیا گیااور منفی رجحانات پیدا کرنے کی افسوسناک کاوش ہوئی۔انہوں نے کہا کہ قوم کے ذہنوں سے مایوسی کا خاتمہ ہماری حکومت کا ایک اور اہم ہدف ہے۔

وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ فلمی صنعت کی بحالی قوم کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے اور منفی رجحانات کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کریگی‘اچھی فلموں سے جمہوری ، پر امن ،روشن خیال اور اجتماعی معاشرے کی بہترین تصویر کشی کی جا سکتی ہے‘موجودہ حکومت دیگر اداروں کی طرح فلمی صنعت کو بھی بحال کر کے ہی دم لے گی۔انہوں نے کہا کہ جلد ہی لاہور میں فنکاروں اور فلمی صنعت سے وابستہ شخصیات سے مشاورت کا ایک اور دورہو گا جس میں وزیراعظم کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور پیکج کو فلمی صنعت سے منسلک شخصیات اور فنکاروں کے سامنے پیش کیا جائیگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اس اہم مشاورتی اجلاس کی صدارت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پیکیج کے تحت نیشنل فلم اینڈ براڈ کاسٹنگ کمیشن اور نیشنل فلم انسٹیٹیوٹ اور اکیڈمی کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور سٹوڈیوز کو جدت سے ہم آہنگ آلات سے مزئین کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ براڈ کاسٹنگ انڈسٹری کی معاونت کیلئے پرائم منسٹر فلم فنانس فنڈ اور فنکاروں کی بہبود کیلئے آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ قائم کیا جائے گا اورمالیاتی قوانین میں نرمی اور ٹیکس سے چھوٹ کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی فلم سازوں کو بھی تمام ممکن سہولیات میسر ہوں گی۔حکومت پنجاب کے ترجمان ملک محمد احمد نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی حکومت پاکستان کے مثبت تشخص کے فروغ اور فلمی صنعت کی بحالی کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف بیانہ پیش کرنے لیے فلم ایک موثر اور بہترین ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت فن ،فنکار ،شاعروں ، ادیبوں اورلکھاریوں کی قدر ہمیشہ کرتی رہے گی۔
وقت اشاعت : 16/06/2017 - 17:59:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :