اداکارارشد وارثی قانون کی گرفت میں پھنس گئے

ممبئی میونسپل کارپوریشن نے ارشد وارثی کے بنگلے کی بالائی منزل کو غیر قانونی قرار دیا تھا

جمعرات 22 جون 2017 12:05

اداکارارشد وارثی قانون کی گرفت میں پھنس گئے
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2017ء) میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے بالی ووڈ اداکار ارشد وارثی کے بنگلے کی ایک منزل کو غیر قانونی قرار دے کر اس کا کچھ حصہ گرادیا۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ارشد واثی کے ممبئی کے علاقے ورسووا میں واقع بنگلے کی بالائی منزل کو ممبئی میونسپل کارپوریشن نے غیر قانونی قرار دیا تھا اور وہ کافی عرصے سے بنگلے کو اپنی نظر میں رکھے ہوئے تھی۔

گزشتہ ہفتے بی ایم سی نے غیر قانونی منزل گرانے کے حوالے سے پیشگی نوٹس بھی بھیجا تھا جس میں ارشد وارثی کو غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ بنگلے کی دوسری منزل کو ختم کرنے کے لیے 24 گھنٹوں کا وقت دیا گیا تھا۔نوٹس ملنے کے باوجود مبینہ طور پر ارشد وارثی نے کوئی جواب نہیں دیا جس کے بعد شہری انتظامیہ کے حکام بنگلہ نمبر 10 ایئر انڈیا کوآپریٹو سوسائٹی (شانتی نکیتن) پہنچے لیکن بنگلے پر تالا لگا تھا جس کے بعد حکام نے جزوی طور پر بنگلے کی دوسری منزل کو توڑا۔

(جاری ہے)

بی ایم سی حکام کا کہنا ہے کہ وہ ارشد وارثی اور ان کی اہلیہ کو ایک اور نوٹس جاری کریں گے کہ وہ سول حکام کو بنگلے کے اندر تک رسائی دیں تاکہ وہ غیر قانونی منزل کو گراسکیں۔ اس سلسلے میں جب بھارتی میڈیا نے ارشد وارثی سے ان کا موقف جاننے کے لیے رابطہ کیا تو انہوں نے بس اتنا ہی کہا کہ ہاں یہ درست ہے۔اطلاعات کے مطابق ارشد وارثی نے مذکورہ بنگلہ 2012 میں ایئر انڈیا کے ایک ریٹائرڈ کیپٹن سے خریدا تھا اور اس کی تزئین و آرائش کے دوران غیر قانونی طور پر اضافی منزل تعمیر کرلی تھی جس کی شکایت سوسائٹی کے ارکان نے بی ایم سی حکام کو کردی تھی۔
وقت اشاعت : 22/06/2017 - 12:05:13

Rlated Stars :