بالی ووڈ کنگ نے معروف ہدایت کار اور کوریو گرافر ریمو ڈی سوزا کے ساتھ ڈانس کی خواہش ظاہر کردی

میں نے حال ہی میں ریمو کے ساتھ ایک گانا شوٹ کیا اور مجھے ان کی کوریوگرافی بے حد پسند آئی، کاش میں نے ریمو کے ساتھ ماضی میں کام کیا ہوتا، شاہ رخ خان

بدھ 26 جولائی 2017 21:46

بالی ووڈ کنگ نے معروف ہدایت کار اور کوریو گرافر ریمو ڈی سوزا کے ساتھ ڈانس کی خواہش ظاہر کردی
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جولائی2017ء) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے معروف ہدایت کار اور کوریو گرافر ریمو ڈی سوزا کی ڈانس فلم ’اے بی سی ڈی‘ کا حصہ بننے کی خواہش ظاہر کردی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان اپنی نئی فلم ’ جب ہیری میٹ سجل‘ کی پروموشن کے لیے ڈانسنگ شو ’ڈانس پلس‘ کے سیٹ پر گئے جہاں انہوں نے شو کے جج اور معروف کوریو گرافر ریمو ڈی سوزا کو یہ بتا کر حیران کردیا کہ انہیں ان کی ڈانس پر مبنی فلم ’اے بی سی ڈی‘ بہت پسند آئی اور وہ بھی اس فلم کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔

کنگ خان کا کہنا تھا کہ میں نے حال ہی میں ریمو کے ساتھ ایک گانا شوٹ کیا اور مجھے ان کی کوریوگرافی بے حد پسند آئی، کاش میں نے ریمو کے ساتھ ماضی میں کام کیا ہوتا جب کہ انہوں نے پروگرام کی شوٹنگ کے آخر میں ایک بار پھر ریمو کو یاد دہانی کروائی کہ وہ مجھے ’اے بی سی ڈی‘ کے تیسرے سیکوئل میں کاسٹ کرنا نہ بھولیں، تب تک میں اپنی ڈانس کرنے کی صلاحیتوں کو نکھار لوں گا۔

(جاری ہے)

ہدایت کار ریمو ڈی سوزا کی فلم ’اے بی سی ڈی‘ کے پہلے دونوں سیکوئل کو مداحوں نے بے حد پسند سراہا تھا اور فلم باکس آفس پر اچھا بزنس کرنے میں بھی کامیاب رہی تھی یہی وجہ ہے کہ انہوں نے تیسرے سیکوئل میں بالی ووڈ کے سلطان اور مہنگے ترین اداکار سلمان خان کو لیڈنگ رول میں کاسٹ کیا ہے جہاں وہ 12 سالہ ڈانسر لڑکی کے والد کا کردار نبھائیں گے۔

ریمو ڈی سوزا سلمان خان کی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کی شوٹنگ ختم ہونے کا انتظار کررہے ہیں جس کے فوراً بعد وہ اپنی فلم کی شوٹنگ کا آغاز کردیں گے کیوں کہ سلو میاں پہلے ہی انہیں شوٹنگ کی تاریخ دے چکے ہیں۔واضح رہے شاہ رخ خان آج کل اپنی نئی فلم ’جب ہیری میٹ سجل‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں جن میں انوشکا شرما نے ان کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا جب کہ فلم 4 اگست کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔۔
وقت اشاعت : 26/07/2017 - 21:46:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :