پاکستانی فلم ساز جامی کو سوئٹزرلینڈ فلم فیسٹیول میں ایوارڈ سے نوازا گیا

بدھ 9 اگست 2017 16:25

پاکستانی فلم ساز جامی کو سوئٹزرلینڈ فلم فیسٹیول میں ایوارڈ سے نوازا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اگست2017ء) پاکستانی فلم ساز جامی کو سوئٹزرلینڈ کے ایک قصبے لوکارنو میں ہونے والے فلم فیسٹیول میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔جامی کو اس انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں اوپن ڈورز ٹی ایف ایل (ٹورینو فلم لیب) کا ایوارڈ دیا گیا۔ایوارڈ قبول کرتے ہوئے جامی نے سب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ سب کا بیحد شکریہ، میں کافی حیران ہوں، میں دوبارہ اس ایونٹ کا حصہ بننا چاہوں گا جہاں ان تمام لوگوں سے مل سکوں۔

(جاری ہے)

فیسٹیول کی ویب سائٹ کے مطابق اوپن ڈورز ٹی ایف ایل، ٹورینو فلم لیب کے اشتراک کے ساتھ ایک خاص اعزاز ہے جس کا مقصد فاتحین کو عالمی سطح پر پروجیکٹس دلانے میں مدد دینا ہے۔اس فیسٹیول میں جامی کے علاوہ ایک اور پاکستانی فلم ساز مہناز علوی دیوان کا انتخاب بھی کیا گیا، جن کا تعلق اسٹوڈیو ریل فلمز سے ہے۔اس ایوارڈ کے ذریعے جامی کو ان کے آنے والے پروجیکٹس میں مدد ملے گی، جن میں 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم ہِٹ اینڈ رن، جگنو اور 2020 میں ریلیز ہونے والی فلم 92 کرکٹ ورلڈ کپ شامل ہیں۔اوپن ڈورز لیب کو رواں سال پورے 15 سال مکمل ہوگئے، اس پلیٹ فارم کے ذریعے جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والے فنکار اپنی فلموں کو بین الاقوامی سطح پر پہنچانے کے لیے رابطے بنانے میں مدد حاصل کرتے ہیں۔
وقت اشاعت : 09/08/2017 - 16:25:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :