پاک امریکا میوزک کنسرٹ عوامی تعلقات کا دروازہ قرار

بدھ 28 جولائی 2010 13:54

لاہور (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28 جولائی۔2010ء) پاک امریکا مشترکہ میوزک پراجیکٹ \'دی ڈریمر اویکس\' کے امریکن چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹاڈ شے نے کہا ہے کہ اس منصوبے سے دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان تعلقات اور پہچان کے نئے دروازے کھلیں گے۔لاہور میں پاپ سنگر عاطف اسلم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں پراجیکٹ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ٹاڈ شے نے کہا کہ یہ پراجیکٹ ایک تحریک ہے، جس کے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ دراصل امریکیوں کو وہ پاکستان دکھانا چاہتے ہیں جو انہوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے تاکہ انہیں میڈیا کے پراپیگنڈہ کی حقیقت سے آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عاطف اسلم امریکن بینڈ گنزز اینڈ روزز کے ارکان کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور اس اشتراک سے جو میوزک البمز اور فلمیں تیار ہوں گی، ان کی آمدنی سے پاکستان کے خصوصی بچوں اور تعلیمی شعبے کی مالی مدد بھی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ٹاڈ شے نے ایک مشہور پاکستانی ترانہ بھی گا کر سنایا۔اس موقعے پر پاپ سنگر عاطف اسلم نے کہا کہ انہیں اس ملک نے بہت کچھ دیا ہے اور وہ اب اپنے وطن کو کچھ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس پاک امریکا پراجیکٹ میں پاکستان کے تمام لیجنڈز،پاپ سنگرز اور میوزک بینڈز کو ساتھ لے کر چلیں گے، جن میں استاد فتح علی خاں، عابدہ پروین، میکال حسن اور سائیں ظہور جیسے فنکار نمایاں ہیں۔
وقت اشاعت : 28/07/2010 - 13:54:11

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :