متنازع فلم’ ’پدماوت‘‘ کی کامیابی پر دپیکا اور رنویر سنگھ بھی خوش

فلم نے مثبت کہانی سے مخالفت کرنے والوں کو بھی فلم دیکھنے پر مجبور کردیا

پیر 29 جنوری 2018 12:07

متنازع فلم’ ’پدماوت‘‘ کی کامیابی پر دپیکا اور رنویر سنگھ بھی خوش
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2018ء) بالی ووڈ کی متنازع فلم’ ’پدماوت‘‘ کی کامیابی پر دپیکا اور رنویر سنگھ بھی خوش ہوگئے۔بھارتی ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی سب سے زیادہ متنازع سمجھی جانے والی فلم ’پدماوت‘ نے جہاں اپنے بننے کی ابتداء سے بہت سی مشکلات کا سامنا کیا وہیں اس فلم نے مثبت کہانی سے مخالفت کرنے والوں کو بھی فلم دیکھنے پر مجبور کردیا۔

فلم نے ایسی دوڑ لگائی کہ چند ہی دن میں ہی کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے جس کا اظہار انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی تمام ہی شخصیات نے کیا ہے اور اب دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے بھی فلم کی کامیابی پر لب کشائی کردی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کی ڈمپل گرن دپیکا پڈوکون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلم ’پدماوت‘ کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا مجھے کتنی خوشی اور فخر محسوس ہورہا ہے وہ میں بیان ہی نہیں کرسکتی۔

(جاری ہے)

رنویر سنگھ نے بھی ٹوئٹر پر اپنی پوسٹ میں لب کشائی کی کہ اس فلم سے میں بہت زیادہ خوشی محسوس کررہا ہوں اور جذبات سے مغلوب ہوگیا ہوں اس کے لیے تو یہ لفظ بھی چھوٹا ہے اور اب میں خود کو بہت سے نعمتوں سے بھرپور سمجھ رہا ہوں، سنجے لیلا بھنسالی نے مجھے خلجی کے کردار کا تحفہ دیا ایک تو میں پہلے ہی ان کا مقروض ہوں اور اب تو ساری زندگی ان کا احسان مند رہوں گا۔واضح رہے کہ 25 جنوری کو ریلیز کی گئی فلم ’پدماوت‘ میں دپیکا پڈوکون، شاہد کپور اور رنویر سنگھ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
وقت اشاعت : 29/01/2018 - 12:07:23

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :