پاکستان کی ٹی وی اداکارہ و ماڈل عفت عمر نے شوبز میں ہونے والے سلوک کی طرف چیف جسٹس کی توجہ دلا دی

عفت عمر نے اپنے ویڈیو پیغام میں چیف جسٹس سے نوٹس کی اپیل بھی کی ، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 2 فروری 2018 12:40

پاکستان کی ٹی وی اداکارہ و ماڈل عفت عمر نے شوبز میں ہونے والے سلوک کی طرف چیف جسٹس کی توجہ دلا دی
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 فروری 2018ء) : سوشل میڈیا پر حال ہی میں پاکستانی ڈارمہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ اورماڈل عفت عمر کا ایک ویڈیو پیغام وائرل ہوا۔ تفصیلات کے مطابق اس ویڈیو پیغام میں عفت عمر نے چیف جسٹس آف پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے ان کی توجہ ایک عام آدمی اور ایک شوبز میں کام کرنے والی خاتون کے مسائل کی جانب دلوائی۔ عفت عمر کا کہنا تھا کہ اس ویڈیو کے ذریعے شہرت حاصل کرنا یا پھر اس ویڈیو کو وائرل کر کے ایک مہم کی شکل دینا میرا مقصد ہرگز نہیں ہے۔

لیکن چونکہ آج کل عدالتوں میں بات سنی جا رہی ہے لہٰذا میں نے سوچا کہ میں بھی ایک کوشش کر لوں ہو سکتا ہے کہ یہ مسئلہ سنا جائے ۔ اپنی ویڈیو میں عفت عمر کا کہنا تھا کہ میں ایک پڑھی لکھی خاتون ہوں ، جرنلسٹ اور سیاستدانوں کو تو اپنی اپنی صفائی دینے کا موقع مل بھی جاتا ہے لیکن ہم شوبز کے لوگوں سے نہ تو کوئی صفائی مانگتا ہے اور اگر کوئی مانگ بھی لے تو اس پر یقین نہیں کیا جاتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک واقعہ شئیر کرتے ہوئے کہا کہ ایک دن میں اپنی بیٹی اور شوہر کے ساتھ کھانے کی میز پر بیٹھی تھی کہ مجھے ایک ٹی وی چینل سے فون کال آئی ، میں نے ہاتھ گندے ہونے کی وجہ سے فون کا اسپیکر آن کیا ، مجھے کہاگیا کہ آپ کا کرکٹ سے متعلق موقف لینا ہے ، میں اپنے شوہر کے سامنے اترائی، لیکن کچھ ہی دیر کے بعد ایک خاتون نے فون پکڑا اور غلاظت سے بھری گفتگو کرنا شروع کر دی ۔

، اس گفتگو کو میں نے اپنے شوہر اور اپنی بیٹی کے سامنے سنا ۔ عفت نے بتایا کہ اس کے بعد جب بات ٹی وی چینلز کے مالکان تک پہنچی تو انہوں نے کہا کہ اسے کہو خاموش رہے ورنہ ابھی تو یہ معاملہ تین دن چلا ہے ، اگر وہ خاموش نہ رہی تو پرائم ٹائم میں ایک ہفتے تک اس بات کو ڈسکس کروائیں گے۔ اس سب کے بعد میں ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئی، یہاں تک کہ میں نے خود کُشی کی کوشش بھی کی، میں گھر سے باہر نہیں نکلتی تھی کہ لوگ مجھے دیکھ کر نہ جانے کیا سوچیں گے۔

انہوں نے چیف جسٹس نے کہا کہ جہاں آپ اتنے بڑے بڑے کیسز کو سن رہے ہیں وہاں ہمارے جیسے عام انسانوں کی بھی شنوائی ہونی چاہئیے کیونکہ یہ معاملہ عدالت کا ہی ہے اور عدالت ہی اسے دیکھے۔ 17 منٹ پر مشتمل عفت کی اس ویڈیو کو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کیجئیے۔ عفت کی اس ویڈیو پر نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی رؤوف کلاسرا نے کہا کہ عفت جیسی ٹاپ ماڈل و اداکارہ نے بھی چیف جسٹس کو اپنی اپیل رجسٹر کروا دی ہے۔

انہوں نے کہاکہ عفت عمر نے اپنے پیج پرایک ویڈیو اپ لوڈ کی ،جو حیران کُن تھی۔وہ ڈری ہوئی تھیں اور انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان کی توجہ اپنے مسئلے کی جانب مبذول کروائی۔ ان میں ایک اُمید پیدا ہوئی ہے انہوں نے یہاں تک کہا ہے ایک اسٹیج پر میرا یہ حشر کیا گیا ،میری اتنی کردار کشی کی گئی کہ میں خود کشی کرنے کا سوچنے لگ گئی تھی ، وہ بھی چاہتی ہیں کہ میرا جو کیس ہے، میں چیف جسٹس کے پاس لے جانا چاہتی ہوں اس کو سنا جائے اور عام آدمی کو بھی چیف جسٹس انصاف دیں، رؤوف کلاسرا نے کہا کہ چیف جسٹس کو ہیومن رائٹس کے اس طرح کے کیسز کے لیے گوشہ بھی رکھنا چاہئیے،تاکہ ایسے لوگوں کو تحفظ دیا جائے ۔

رؤوف کلاسرا کے پروگرام میں معاملہ اٹھائے جانے پر عفت عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر اپنے ایک اور ویڈیو پیغام میں ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مجھے اُمید تھی کہ شوبز کے ہی کچھ دوست میری حوصلہ افزائی کریں گے لیکن کسی نے ایسا نہیں کیا۔ کچھ دوستوں کو لگا کہ میں ٹوٹی ہوئی ہوں لیکن ایسا کچھ نہیں تھا ، جب بھی کوئی میڈیا پر ایسی بات کرتا ہے تو ہم کنفیوژ ہو جاتے ہیں ، جن دوستوں سے متعلق مجھے لگ رہا تھا کہ وہ میرے لیے ویڈیوز بنائیں گے کہ ہم تمہارے ساتھ ہیں انہوں نے بھی مجھے نظر انداز کرنا شروع کر دیا ہے۔

میں نے بہت بڑا رسک لیا ہے ، مجھ پر تنقید بھی کی جا رہی ہے ، میرے اپنے شوہر نے مجھ سے صبح سے بات تک نہیں کی۔میرا صرف ایک مقصد ہے کہ جب اداروں اور عدالتوں کی توہین ہوتی ہے ، تو انفرادی طور پر کسی شخص کی بھی توہین یا ہتک عزت ہوتی ہے۔ میرا تعلق شوبز سے ہے ، ہماری زندگیوں کے سچ بیچ بیچ کر میڈیا نے پیسے کمائے لیکن جھوٹی خبر دینے پر کوئی تو ایکشن ہونا چاہئیے۔

جو لوگ مجھے سپورٹ کرنا چاہتے ہیں وہ مجھے ہیش ٹیگ کریں۔

  رؤوف کلاسرا نے اپنے پروگرام میں عفت عمر کے لیے کیا کہا آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:
وقت اشاعت : 02/02/2018 - 12:40:25

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :