سری دیوی کی موت، دبئی حکام نے بھی اپنی رپورٹ جاری کردی

پیر 26 فروری 2018 18:58

سری دیوی کی موت، دبئی حکام نے بھی اپنی رپورٹ جاری کردی
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2018ء)دبئی میں حکام نے کہا ہے کہ بھارتی اداکارہ سری دیوی کی موت حادثاتی طور پر ڈوبنے سے ہوئی ہے۔اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ 1980 کی دہائی میں بالی وڈ پر راج کرنے والی سری دیوی ہفتہ کی شب دبئی میں ایک شادی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے چل بسی تھیں۔54 سالہ سری دیوی کی ہلاکت کے حوالے سے فورنزک رپورٹ دبئی پولیس نے جاری کی اور یہ رپورٹ ان کے لواحقین اور انڈین قونصل خانے کو فراہم کی گئی ۔

خلیجی اخبار گلف نیوز کے مطابق اس رپورٹ کا مطلب سری دیوی کی لاش کی انڈیا منتقلی میں تاخیر بھی ہو سکتا ہے جو کہ پیر کو واپس بھیجی جانی تھی۔خیال رہے کہ سری دیوی کی حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ تاحال جاری نہیں کی گئی جس میں ٹاکساکولوجی کے تجزیوں کے نتائج شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

اسی رپورٹ سے واضح ہو سکے گا کہ دل کے دورے سے ہلاکت اور حادثاتی طور پر ڈوبنے کی رپورٹ کا آپسی تعلق کیا ۔

سری دیوی 13 اگست 1963 کو تمل ناڈو میں پیدا ہوئی تھیں اور 1978 میں انھوں نے اپنے فلمی کریئر کا آغاز فلم سولہواں ساون سے کیا تھا ،ْحال ہی میں ریلیز ہونے والی 'مام' ان کی 300 ویں فلم تھی۔ان کی مشہور ترین فلموں میں ’چاندنی‘ ’لمحے‘ ’مسٹر انڈیا‘ ’خدا گواہ‘ ’صدمہ‘ اور ’نگینہ‘ شامل ہیں۔انھوں نے ہندی فلموں کے علاوہ جنوبی ہند میں تمل، تیلیگو، ملیالم، اور کنڑ زبانوں کی فلموں میں بھی کام کیا۔

سری دیوی نے فلم پروڈیوسر بونی کپور سے 1996 میں شادی کی تھی اور ان کی دو بیٹیاں خوشی اور جھانوی کپور ہیں۔سری دیوی کو 2013 میں حکومت کی جانب سے پدماشری اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ پانچ بار فلم فیئر ایوارڈ بھی حاصل کر چکی ہیں۔انھوں نے جب 90 کی دہائی میں اپنے فلمی کریئر کو الودع کہا تھا تو اس وقت ان کی فلمیں اچھی طرح سے نہیں چل رہی تھیں۔ لیکن اس طویل وقفے کے بعد جب وہ واپس آئیں تو اپنی اداکاری سے ایک بار پھر سے ہنگامہ مچا دیا تھا۔
وقت اشاعت : 26/02/2018 - 18:58:39

Rlated Stars :