سری دیوی کی آخری رسومات ادا کردی گئیں ،ْریاستی حکومت کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش

بدھ 28 فروری 2018 20:20

سری دیوی کی آخری رسومات ادا کردی گئیں ،ْریاستی حکومت کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2018ء) بالی وڈ کی لیجنڈری اداکارہ سری دیوی کی آخری رسومات ولے پارلے کے شمشان گھاٹ میں ادا کردی گئیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق لیجنڈری اداکارہ کی میت کو صبح ساڑھے 9 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک لوکھنڈوالا کے اسپورٹس کلب میں رکھا گیا جہاں مداحوں نے سری دیوی کا آخری دیدار کیا۔آنجہانی اداکارہ کے آخری دیدار کیلئے بالی وڈ نگری کے اسٹارز کی بڑی تعداد موجود تھی۔

سری دیوی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے بڑی تعداد میں مداح اور فلمی ستارے ان کے گھر کے قریب واقع اسپورٹس کلب میں تعزیتی اجتماع میں شریک ہوئے۔اداکارہ کی آخری رسومات ممبئی کے نواحی علاقے ولے پارلے کے شمشان گھاٹ میں شوہر بونی کپور نے ادا کی۔سری دیوی کی میت کو دلہن کی طرح تیار کیا گیا تھا اور انہیں لال رنگ کی ساڑھی بھی پہنائی گئی۔

(جاری ہے)

جب کہ اداکارہ کو ریاستی حکومت کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

واضح رہے کہ سری دیوی 24 اور 25 فروری کی درمیانی شب دبئی کے ایک ہوٹل کے کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئی تھیں۔ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ اداکارہ کی موت حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے واقع ہوئی تاہم بعدازاں دبئی کے پبلک پراسیکیوشن نے موت کی وجہ حادثاتی طور پر باتھ ٹب میں ڈوبنے کو قرار دیا تھا۔سری دیوی کی میت گزشتہ رات بھارتی صنعتکار مکیش امبانی کے نجی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے ممبئی پہنچائی گئی تھی ۔

گزشتہ رات بالی وڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان بھی رات گئے تعزیت کے لییاداکارہ کے گھر پہنچے ۔اس سے قبل دبئی پولیس نے سری دیوی کی موت کی تحقیقات کے سلسلے میں ہوٹل انتظامیہ، پیرا میڈیکس، اداکارہ کے قریبی رشتے داروں اور ان کے شوہر بونی کپور سے تفتیش کی جس کے بعد کیس بند کرکے اداکارہ کی میت لواحقین کے سپرد کردی گئی۔
وقت اشاعت : 28/02/2018 - 20:20:46