لوک فنکارہ عابدہ پروین نے دو روزہ بہار میلے میں رنگ بھردیئے،

صوفیانہ کلام خوبصورت انداز میں پیش کرکے شائقین سے خوب داد وصول کی

پیر 9 اپریل 2018 14:51

لوک فنکارہ عابدہ پروین نے دو روزہ بہار میلے میں رنگ بھردیئے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2018ء) صوفی نائٹ میں لوک فنکارہ عابدہ پروین اور نوجوان موسیقاروں بخشی برادرز نے دو روزہ بہار میلے میں رنگ بھر دیئے اور صوفیانہ کلام اپنے خوبصورت انداز میں پیش کرکے شائقئن سے خوب داد وصول کی۔ صوفی نائٹ کا انعقاد جناح کنونشن سینٹر میں کیا گیا جہاں جڑواں شہروں کے کلاسیکی موسیقی کے دلدادہ اور صوفی شاعری میں دلچسی رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور کنونشن سینٹر رات گئے تک کھچا کھچ بھرا رہا۔

صوفی نائٹ کا اہتمام اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے کر رکھا تھا جو دو روزہ اسلام آباد بہار فیسٹیول کا حصہ تھا۔ میلے میں اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی کے شہریوں کو تفریح فراہم کرنے کے لئے کیا گیا تھا جس میں صوفی نائٹ کے علاوہ دو روزہ پھولوں کی نمائش، میراتھن ریس، سائیکلنگ مقابلے، کشتی رانی اور تیراکی کے علاوہ گرینڈ فوڈ فیسٹیول و فیملی گالا، شجر کاری، آتش بازی، مشاعرہ اور ان سب سے بڑھ کر پی ایس ایل کی فاتح ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے والہانہ استقبال کے ایونٹ شامل تھے۔

(جاری ہے)

رات گئے اختتام پذیر ہونے والے بہار میلہ کے یہ رنگا رنگ پروگرام لیک ویو پارک، راول جھیل، فاطمہ جناح پارک، جناح ایونیو، مارگلہ کی پہاڑیوں ایوان اقبال فاطمہ جناح پارک کے پر فضا تفریحی مقامات پر منعقد ہوئے۔ سی ڈی اے میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد، پولیس کے علاوہ کاروباری اداروں کا تعاون بھی ضلعی انتظامیہ کو حاصل تھا جس کا افتتاح وزیر داخلہ احسن اقبال نے ہفتہ کے روز پھولوں کی نمائش کے ساتھ کیا تھا۔
وقت اشاعت : 09/04/2018 - 14:51:56

Rlated Stars :