پرائیڈ آف پرفارمنس دینے والی کمیٹی کو سینئر اداکاروں کو بھی یاد رکھنا چاہیے‘ زیبا شہناز

کیریئر کے دوران زیادہ تر مزاحیہ کردار ادا کیے ،آج بھی خواہش ہے کسی سنجیدہ رول کیلئے کاسٹ کیا جائے

منگل 10 اپریل 2018 13:51

پرائیڈ آف پرفارمنس دینے والی کمیٹی کو سینئر اداکاروں کو بھی یاد رکھنا چاہیے‘ زیبا شہناز
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اپریل2018ء) سینئر اداکارہ زیبا شہناز نے کہا ہے کہ کیریئر کے دوران زیادہ تر مزاحیہ کردار ادا کیے اور آج بھی خواہش ہے کہ مجھے کسی سنجیدہ رول کیلئے کاسٹ کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں نے بیٹی ہونے کے باوجود بیٹے کے طور پر ذمے داریاں انجام دیں ، جس طرح عام گھریلو لڑکیاں شادی کر کے اپنا گھر بسا لیتی ہیں میں نے اس کے برعکس اپنے والدین کا بوجھ کم کرنے کے لئے شوبز میں کام کیا اور اپنے چھوٹے بہن بھائیوں کی تمام ذمے داریاں اٹھائیں اور آج میرے تمام بہن بھائی اپنے اپنے گھر خوش ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میں نے پی ٹی وی کے مزاحیہ ڈرامہ ’’ ففٹی ففٹی ‘‘ میں کام کر کے اپنا نام بنایا ۔ کیریئر کے دوران زیادہ تر مزاحیہ کردار ادا کیے ہیں اور میری خواہش ہے کہ مجھے سنجیدہ رول کے لئے بھی کاسٹ کیا جائے مگر مجھے مزاحیہ کردار ہی دیئے جاتے ہیں۔انہوں نے ارباب اختیار سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ میرے سامنے آنے والے بچوں کو پرائیڈ آف پرفارمنس مل گیا ہے مگر مجھ سمیت میرے ساتھ شوبز میں اپنا کیریئر شروع کرنے والوں کو آج بھی نظر انداز کیا جا رہا ہے۔پرائیڈ آف پرفارمنس دینے والی کمیٹی کو سینئر اداکاروں کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔
وقت اشاعت : 10/04/2018 - 13:51:59