برطانوی اداکار بینڈکٹ کیمبر بیچ کا خواتین کے معاوضے پر انوکھا اعلان

تب تک کسی فلم میں کام نہیں کروں گا جب تک ساتھ کام کرنے والی اداکارہ کو میرے برابر معاوضہ نہیں دیا جاتا‘اداکار

اتوار 13 مئی 2018 11:10

برطانوی اداکار بینڈکٹ کیمبر بیچ کا خواتین کے معاوضے پر انوکھا اعلان
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) دنیا بھر کی تمام شعبہ جات میں ملازمین کی تنخواہ یا معاوضے میں تفریق پائی جاتی ہے، ایک ہی کام کرنے والے ملازمین کو بھی الگ الگ تنخواہیں دی جاتی رہی ہیں۔تاہم خیال کیا جاتا ہے کہ مرد و خواتین کے معاوضے یا تنخواہ میں سب سے زیادہ فرق فلم انڈسٹری میں پایا جاتا ہے، جسے ختم کرنے کے لیے کافی عرصے سے مہم جاری ہے۔

اسی مہم کو تقویت دیتے ہوئے ہولی وڈ کے معروف برطانوی اداکار بینڈکٹ کیمبر بیچ، جن کو ’سی بی ای‘ بھی کہا جاتا ہے، انہوں نے انوکھا اعلان کردیا۔’اوینجر: انفنٹی وار، تھور: ریگنوریک، دی کرنٹ وار، ڈاکٹر اسٹرینج، 12 ایئرز آف سلیوز، دی ہوبٹ، سیریز اور اسٹار ٹریک ان ٹو ڈارکنیس‘ سمیت متعدد فلموں میں جلوہ گر ہونے والے 41 سالہ اداکار کے مطابق وہ تب تک کسی بھی فلم میں کام نہیں کریں گے جب تک اسی فلم میں ان کے ساتھ کام کرنے والی اداکارہ کو ان کے برابر معاوضہ نہیں دیا جاتا۔

(جاری ہے)

شوبز نشریاتی ادارے ’ریڈیو ٹائمز‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے 41 سالہ بینڈکٹ کیمبر بیچ نے واضح طور پر کہا کہ وہ اس وقت ہی کسی فلم میں کام کرنے کے لیے تیار ہوں گے، جب ان کے ساتھ کردار ادا کرنے والی اداکارہ کو بھی ان جتنا ہی معاوضہ دیا جائے گا۔انہوں نے مرد و خواتین کے درمیان برابر معاوضوں کو ’فیمنزم‘ کے بنیادی اصول قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر کسی کو خود کو ملنے والے معاوضے کا خواتین کے ساتھ موازنہ کرنا چاہیے۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر انہیں پتہ چلا کہ ان کے ساتھ کام کرنے والی اداکارہ کو ان جتنا معاوضہ نہیں دیا گیا تو وہ کام نہیں کریں گے۔’ڈاکٹر اسٹریج‘ کے کردار نبھانے سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار کا کہنا تھا کہ ان کی پروڈکشن کمپنی جلد ہی خواتین کے مرکزی کرداروں پر مبنی چند منصوبے شروع کرنے جا رہی ہے، جس کے لیے وہ اپنے شریک پارٹنرز کے شکر گزار ہیں کہ وہ ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ 41 بینڈکٹ کیمبر بیچ وہ پہلے ہولی وڈ اداکار ہیں، جنہوں نے یہ اعلان کیا ہے کہ وہ خواتین کو یکساں معاوضہ نہ ملنے پر فلموں میں کام نہیں کریں گے۔ان سے قبل اگرچہ کئی اداکار مرد و خواتین کے درمیان معاوضوں میں فرق کو ناانصافی قرار دے چکے ہیں اور یہ بھی اعلان کر چکے ہیں کہ وہ ساتھی اداکارہ کے مقابلے ملنے والے زیادہ معاوضے کو فلاحی کاموں میں خرچ کریں گے، تاہم انہوں نے بینڈکٹ کیمبر بیچ جیسا اعلان نہیں کیا۔یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا کہ بینڈکٹ کیمبر بیچ واقعی بھی ساتھی اداکاروں کو اپنے متوازی معاوضے ملنے کے بعد ہی فلموں میں کام کریں گے یا پھر وہ وقت کے ساتھ اس اعلان کو بھول جائیں گے۔
وقت اشاعت : 13/05/2018 - 11:10:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :