نوجوان لڑکیاں آزادی میں میرے کردار سے متاثر ہوں گی ،اداکارہ سونیا

میرا کردار زارا نامی ایک صحافی کا ہے جس کا تعلق برطانیہ ہے ہوگا، انٹرویو

بدھ 6 جون 2018 19:36

نوجوان لڑکیاں آزادی میں میرے کردار سے متاثر ہوں گی ،اداکارہ سونیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جون2018ء) پاکستانی اداکارہ سونیا حسین ہدایت کار جامی محمود کی فلم مور میں ڈیبیو کے بعد اب اپنی دوسری فلم آزادی میں جلوہ گر ہونے کیلئے تیار ہیں ، فلم میں وہ کشمیر کو حاصل کرنے کی اپنی جدوجہد کو پیش کریں گی۔۔فلم آزادی کی کہانی ایک ایسے آدمی پر مبنی ہے جو کشمیر کو آزاد کرانے کی خاطر قربانی دیتا ہے اور کیسے ان سے متاثر ہونے والی نوجوان نسل ان کے ارادوں کو آگے بڑھاتی ہے۔

فلم میں سونیا حسین زارا نامی ایک صحافی کا کردار ادا کررہی ہیں۔اداکارہ نے ایک انٹرویومیں اس فلم اور اپنے کردار کے حوالے سے کئی انکشافات کیے۔انہوںنے کہاکہ میرا کردار زارا نامی ایک صحافی کا ہے جس کا تعلق برطانیہ ہے ہوگا، میں نے جب اس فلم کا اسکرپٹ پڑھا تھا، میں تب ہی اس کردار سے جڑ گئی تھی، خواتین کو آج بھی فلموں میں صرف متاثر کرنے کے لیے شامل کیا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ میں نے کسی اور فلم کو اب تک سائن نہیں کیا۔

(جاری ہے)

میرا کردار اس فلم میں ایسا ہے جسے دیکھ کر نوجوان لڑکیاں متاثر ہوسکیں، مجھے فخر ہے کہ میں ایسا کردار ادا کررہی ہوں جس کا کوئی مقصد ہے۔انہوںنے کہاکہ فلم کی شوٹنگ کرنا مشکل تھا، اس بات کا اندازہ آپ کو اس وقت ہوگا جب آپ یہ فلم دیکھیں گے۔انہوںنے کہاکہ میرا تجربہ نہایت شاندار رہا، آزادی کو ہم نے پیار اور محنت سے تیار کیا ہے، فلم کی مکمل ٹیم سیٹ پر کافی پرجوش رہی اور سب کو ہی ایک ساتھ کام کرکے بیحد مزاح آیا۔

معمر رانا ایک بہترین اداکار ہیں اور انہوں نے اس فلم میں بیحد محنت کی ہے، ان کے ساتھ کام کرنا کسی اعزاز سے کم نہیں، میں ایسے اسٹارز کے ساتھ کام کرنے میں مطمئن نہیں ہوتی جو اداکار نہ ہوں، لیکن معمر رانا اپنے فن کے بارے میں خوب جانتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ میں رمضان کا مہنیہ ہمیشہ کراچی میں اپنی فیملی کے ساتھ گزارتی ہوں، لیکن گزشتہ سال میں اس ماہ میں آزادی کی شمالی علاقے میں شوٹنگ کررہی تھی، وہ تجربہ مجھے ہمیشہ یاد رہے گا۔۔
وقت اشاعت : 06/06/2018 - 19:36:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :