سونالی باندرے کینسر کے علاج کے دوران بال کٹواتے ہوئے رو پڑیں

اداکار عرفان خان بھی کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں وہ بھی علاج کے سلسلے میں لندن میں موجود ہیں

سونالی باندرے کینسر کے علاج کے دوران بال کٹواتے ہوئے رو پڑیں
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جولائی2018ء) بالی ووڈ اداکارہ سونالی باندرے نے رواں ماہ 4 جولائی کو اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ انہیں ہائی گریڈ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔اگرچہ اداکارہ نے یہ وضاحت نہیں کی تھی کہ ان کا کینسر جسم کے کس حصے سے شروع ہوکر کہاں تک پہنچ چکا ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ہائی گریڈ کینسر کا مطلب یہ ہے کہ اداکارہ کا کینسر ایک سے دوسری جگہ پھیل چکا ہے۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی بتایا تھا کہ وہ امریکی شہر نیویارک کے ایک ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔سونالی باندرے نے بتایا تھا کہ انہیں کینسر کا پتہ اس وقت چلا، جب انہوں نے جسم میں درد کی شکایت کے بعد اپنے ٹیسٹ کروائے۔اب اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک نئی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان لوگوں اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے، جنہوں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

43 سالہ اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں انہیں چھوٹے بالوں میں دیکھا جاسکتا ہے۔دوسری جانب بھارتی میڈیا پر سونالی باندرے کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے، جس میں اداکارہ کو بال کٹوانے کے دوران جذباتی انداز میں روتا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔کینسر کے علاج کے دوران لوگوں کو اپنے بال منڈوانے پڑتے ہیں، جب کہ بعض اوقات اس مرض کی وجہ سے انسان کے جسم کے بال خود ہی جھڑ جاتے ہیں۔سونالی باندرے سے قبل اداکارہ منیشا کوئرالا بھی کینسر میں مبتلا ہوئی تھیں، انہوں نے بھی دوران علاج اپنے سر کے بال منڈوائے تھے۔علاوہ ازیں اداکار عرفان خان بھی نیورو اینڈوکرائن نامی کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں، وہ بھی علاج کے سلسلے میں لندن میں موجود ہیں۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 11/07/2018 - 12:23:04

متعلقہ عنوان :

Your Thoughts and Comments