فلم ساز ، مصنف وہدایت کار ریاض شاہد کی 46ویں برسی پیر کو منائی گئی

پیر 1 اکتوبر 2018 14:42

فلم ساز ، مصنف وہدایت کار ریاض شاہد کی 46ویں برسی پیر کو منائی گئی
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2018ء) لالی ووڈ کے غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل فلم ساز ، مصنف وہدایت کار ریاض شاہد کی 46ویں برسی پیر کو منائی گئی ۔ اس موقع پر مختلف شہروں میں نگار خانوں اور تھیٹرز پر خصوصی تعزیتی تقریبات کا اہتمام کیا گیا جن میں بطور صحافی اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والے فلم انڈسٹری کے نامور سپوت ریاض شاہد کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔

فلم سٹار شان کے والد محترم ریاض شاہد نے بطور صحافی اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور فلم بھروسہ کا سکرپٹ لکھا جو انتہائی کامیاب رہی ۔ 1958ء میں سکرپٹ رائٹر کے طور پر انہوں نے فلم انڈسٹری میں اپنا اہم مقام بنا لیا۔ انہوں نے 1959ء فلم نیند اور 1961ء میں شہید تحریر کی جو سپر ہٹ ثابت ہوئیں ۔

(جاری ہے)

1962ء میں فلم سسرال کی کامیابی سے وہ رائٹر، فلم ساز ، ہدایتکار کے طورپر بھی ابھرے ۔

1963ء میں شکوہ، 1964ء میں خاموش رہو، 1965ء پنجابی فلم اللہ دتہ ، نظام لاہور نے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے ۔ اے پی پی کے مطابق ریاض شاہد کی نیلو سے ملاقات فلم اللہ دتہ کی شوٹنگ کے دوران ہوئی جس کے بعد انہوںنے ایک دوسرے کو اپنا جیون ساتھی بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے شادی کر لی ۔فلم ساز ریاض شاہد اور نیلو کے بطن سے ان کی ایک بیٹی زرقا اور دو بیٹے سروش اور شان پیدا ہوئے ۔

ریاض شاہد نے 1966ء میں بدنام ، مجبور باغی سردار ، جواب دو کے نام سے فلمیں لکھیں جو انتہائی کامیاب رہیں ۔ گنہگار ، ماں باپ ، زرقا، غرناطہ، یہ امن،بہشت ، حیدر علی ، فرنگی سمیت دیگر درجنوں کامیاب فلموں نے ریاض شاہد کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا ۔ ان کی ایک ایک فلم نے بیک وقت 8،8ایوارڈ جیت کر ایک نئی تاریخ رقم کی ۔ ریاض شاہد یکم اکتوبر 1972ء کوبلڈ کینسر کے عارضہ میں مبتلا ہونے کے بعد اپنے مالک حقیقی سے جا ملے ۔ مرحوم کی برسی کے موقع پر الیکٹرانک میڈیا نے خصوصی پروگرامات نشر جبکہ پرنٹ میڈیا نے بھی خاص مضامین کی اشاعتوں کا اہتمام کیا ۔
وقت اشاعت : 01/10/2018 - 14:42:02

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :