ریکھا کی 64 سال کی ہوگئیں،

سالگرہ منانے پر یقین نہیں رکھتی، ریکھا

بدھ 10 اکتوبر 2018 13:00

ریکھا کی 64 سال کی ہوگئیں،
ممبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2018ء) بالی وڈ کی سدا بہار اداکارہ ریکھا کی 64 سال کی ہو گئیںتاہم ان کا شمار بالی وڈ کی ایسی اداکارائوں میں ہوتا ہے جن کے خدوخال پر وقت اپنا عکس ثبت کرنے میں ناکام رہتا ہے۔اداکارہ ریکھا نے اس سال بھی ہرگزرتے سال کی طرح اپنی سالگرہ کی کوئی تقریب نہیں رکھی تاہم ان کو سوشل میڈیا پر بالی وڈ،میڈیا اور پرستاروں نے مبارکباد دی ہے ۔

ریکھا کا کہنا ہے کہ وہ سالگرہ منانے پر یقین نہیں رکھتیں۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریکھا 10اکتوبر 1954ء کو ریاست تامل ناڈو کے شہر مدراس میں پیدا ہوئیں ان کا اصل نام بھانو ریکھا گنیشن تھا جو بعد صرف ریکھا کے نام سے مقبول ہوئیں۔ انہوں نے 1966ء میں بطور چائلڈ سٹار اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔

(جاری ہے)

1969ء میں پہلی بار فلم ’’آپریشن جیک پاٹ نیل سی آئی ڈی‘‘ میں مرکزی کردار ادا کیا۔

ان کی یادگار فلموں میں ساون بھادوں، گورا کالا، سلسلے، مقدر کا سکندر، نمک حرام، پیار کی جیت،جھوٹی،خوبصورت،گھر،بیوی ہو تو ایسی اور سہاگ شامل ہیں۔ انہوں نے 1981ء میں فلم ’’امرائوجان ‘‘ سے شہرت کی بلندیاں حاصل کیں جس میں اداکاری کے لئے انہوں نے باقاعدہ طور اردو زبان سیکھی۔ انہوں نے ایک نیشنل فلم ایوارڈ اور 4 فلم فیئر ایوارڈ حاصل کئے، 2010ء میں انہیں پدما شری ایوارڈ سے نوازا گیا۔

فلمی کیریئر کے دوران ریکھا کا نام بہت سے ساتھی اداکاروں کے ساتھ لیا جاتا رہا تاہم ان کا امیتابھ بچن کے ساتھ معاشقہ زبان زد عام رہا جس کی وجہ سے امیتابھ کی شادی ٹوٹتے ٹوٹتے بچی۔انہوں نے اپنے کیرئیر کے آغاز میں اداکار ونود مہرہ سے شادی کی جو ایک سال بعد ہی طلاق پر ختم ہوئی کیونکہ ونود ان سے بے رخی برتنے لگ گئے تھے اور ریکھا کی والدہ بھی انہیں ناپسند کرتی تھیں ۔بعد ازاں انہوں نے فلم ساز یش راج سے خفیہ شادی کی تاہم وہ بھی نامعلوم وجوہات کی بناء پر ختم ہو گئی۔1990 میں ریکھا نے بزنس مین مکیش اگروال سے شادی کی وہ بھی سال ہی برقرار رہی ۔مکیش نے کاروباری ناہمواریوں کی وجہ سے ڈپریشن میں آکر خودکشی کر لی جس سے ریکھا ایک عرصہ پریشان رہیں تھی۔
وقت اشاعت : 10/10/2018 - 13:00:14

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :