پریتی زنٹا نے سابق دوست نیس واڈیا کو معاف کردیا

معروف کارباری شخصیت پر جنسی ہراساں کئے جانے کا مقدمہ خارج

جمعرات 11 اکتوبر 2018 21:46

پریتی زنٹا نے سابق دوست نیس واڈیا کو معاف کردیا
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اکتوبر2018ء) بولی وڈ اداکارہ پریٹی زنٹا کی جانب سے اپنے سابق دوست اور معروف کاروباری شخصیت نیس واڈیا کو جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کی معافی دیے جانے کے بعد عدالت نے بھی ان کے خلاف مقدمہ خارج کردیا۔43 سالہ اداکارہ نے 47 سالہ سابق دوست، کاروباری شخص اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم کنگز الیون پنجاب کے شریک بانی نیس واڈیا پر 4 سال قبل 2014 میں جنسی طور پر ہراساں کرنے، گالیاں دینے، دست درازیم چھیڑ چھاڑ اور ہاتھ پکڑنے سمیت تشدد کے الزامات کے تحت مقدمہ دائر کروایا تھا۔

بعد ازاں پریتی زنٹا نے رواں برس فروری میں نیس واڈیا کے خلاف ان ہی الزامات کے تحت ممبئی ہائی کورٹ میں طویل چارج شیٹ جمع کروائی تھی، جس میں انہوں نے سابق دوست پر کئی الزامات لگائے تھے۔

(جاری ہے)

اداکارہ نے نیس واڈیا کے خلاف 500 صفحات پر مبنی چارج شیٹ ممبئی میٹروپولیٹن کورٹس کی ایسپلاندے کورٹ میں پیش کی تھی۔چارج شیٹ جمع ہونے کے فوری بعد نیس واڈیا نے 20 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض اپنی ضمانت بھی کروالی تھی۔

اگرچہ نیس واڈیا نے شروع دن سے ہی پریتی زنٹا کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا تھا، تاہم بعد ازاں انہوں نے عدالت سے رجوع بھی کیا اور ان کی درخواست پر متعدد سماعتیں بھی ہوئیں۔رواں ماہ 6 اکتوبر کو نیس واڈیا کی درخواست پر ممبئی ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے دونوں فریقین کو معاملہ صلح سے حل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

سماعت کے دوران پریتی زنٹا کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ اداکارہ نیس واڈیا کی جانب سے معافی مانگنے پر کیس واپس لینے اور انہیں معاف کرنے کو تیار ہیں۔تاہم نیس واڈیا کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ ان کے مکل معافی مانگنے پر تیار نہیں، لیکن اب خبر سامنے آئی ہے کہ نیس واڈیا نے معافی مانگ لی، جس کے بعد پریتی زنٹا نے انہیں معاف کرنے کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔پریتی زنٹا کی جانب سے عدالت میں رپورٹ جمع کرائے جانے کے بعد ہائی کورٹ نے نیس واڈیا کے خلاف مقدمہ بھی خارج کردیا۔
وقت اشاعت : 11/10/2018 - 21:46:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :