اینی میٹڈ فلم ’’دی ڈونکی کنگ‘‘ ملک بھر میں نمائش کیلئے پیش کردی گئی

ہفتہ 13 اکتوبر 2018 20:43

اینی میٹڈ فلم ’’دی ڈونکی کنگ‘‘ ملک بھر میں نمائش کیلئے پیش کردی گئی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2018ء) پاکستان کی سب سے بڑی اینی میٹڈ فلم ’’دی ڈونکی کنگ‘‘ ہفتے سے ملک بھر میں نمائش کیلئے پیش کردی گئی عوام کی بڑی تعداد فلم کے ہیرو ’’منگو‘‘ کی تاج پوشی دیکھنے کیلئے بے قرار دکھائی دے رہے ہیں۔ گذشتہ روز روشنیوں کے شہر کراچی کے مقامی سنیما گھر میں ’’ڈونکی کنگ‘‘ کا رنگا رنگ پریمیئر منعقد کیا گیا جس میں فلم کے صداکار، اداکار، گلوکار، اینی میٹرز، شوبز شخصیات، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کی بڑی تعداد اور شہر کی ممتاز شخصیات نے بھر پور شرکت کی۔

ننھے فلم بین بھی اپنے والدین کے ہمراہ فلم کا خصوصی شو دیکھنے آئے۔ شہر کی سماجی اور ادبی شخصیات کے علاوہ ’’ڈونکی کنگ‘‘ کے ہدایتکار عزیز جندانی، سیونتھ اسکائی کے عبداللہ کادوانی ، گلوکار شہزاد رائے، فاخر، فلم کے مرکزی ہیرو افضل خان (جان ریمبو)، صاحبہ، محمود اسلم، اداکار عدیل ہاشمی، عرفان کھوسٹ، عرفان ملک، فیصل قریشی، فہد مصطفی ، جاوید شیخ ، غلام محی الدین، شبیر جان ، احسن رحیم ، فیصل قریشی ، شفاعت علی، حرا، مانی ، عرفان ملک ، علی حسن ، سنیتا مارشل، رومی انصاری، غلام محی الدین، دانش تیمور عائزہ خان، دانش نواز ، سابق کرکٹر شعیب اختر، شاہد آفریدی کی صاحبزادیاں، سینئر تجزیہ کار اور اینکر حامد میر، سہیل وڑائچ ، شاہ زیب خانزادہ اور مبشر زیدی سمیت دیگر نے بھی خصوصی شو میں شریک ہوکر ایونٹ میں رنگ بکھیر دیئے۔

(جاری ہے)

ننھے فلم بین پسندیدہ آرٹسٹوں کو اپنے درمیان پاکر خوشی سے جھومتے دکھائی دیئے۔ فلم دیکھنے والوں کے چہروں پر مسکراہٹیں جبکہ ننھے شائقین کے لبوں پر منگو اور مس فتنہ کے ڈائیلاگز تھے جبکہ کچھ نوجوان فلم کے گیت گنگناتے دکھائی دیئے۔ فلم بینوں نے ڈونکی کنگ کی کہانی، پرکشش مناظر، بہترین صداکاری، شاندار اینی میشن، مزاح سے بھر پور سینز، جاندار گیت اور بہترین ہدایتکاری کی کھل تعریفیں کیں۔

اس سے قبل ہال میں تالیوں کی گونج، سیٹیوں کا شور، قہقہوں کی آوازیں اور اداکاروں کی بہترین پرفارمنس پر وقفے وقفے سے داد دینے کا سلسلہ جاری تھا۔ فلم بینوں نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک بار پھر عالمی معیار اور تفریح سے بھر پور فلم لایا ہے ، اس فلم سے ہماری انڈسٹری کو دُنیا بھر میں پذیرائی ملے گی، ڈونکی کنگ کی گرافکس کسی ہالی ووڈ فلم سے کم نہیں، کہانی میں ہر طرح کا مصالحہ موجود ہے جو بچوں کے ساتھ بالغان کو بھی متاثر کرے گا۔

عوام نے سبق آموز کہانی، جاندار مکالموں اور منگو کی دکھائی گئی جدوجہد کو بھی خوب سراہا۔ بچوں نے جیوفلمز اور طلسمین اینی میشن اسٹوڈیوز کا شکریہ اداکرتے ہوئے اس طرح کی مزید فلمیں بنانے پر زرور دیا۔ وہ ’’ڈونکی راجہ‘‘ کی کمال اداکاری پر فدا ہوگئے، کچھ بچیاں مس فتنہ کی چالاکیوں سے نالاں بھی دکھائی دیں۔ اس موقع پر فلم کے ہدایتکار عزیز جندانی نے عوام کی جانب سے فلم کی حوصلہ افزائی پر شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ اس فلم کو بنانے میں ڈھائی برس لگے تھے لیکن ہماری کاوش سے عوام کے چہرے پر نظر آنے والی خوشی دیکھ کر لگتا ہے کہ ہماری محنت وصول ہوگئی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عوام کا جوش و خروش ثابت کررہا ہے کہ ہم اپنے مشن میں کامیاب ہوگئے ۔ عزیز جندانی نے بتایا کہ اگر اس فلم سے سبق لیکر ایک فرد بھی اپنی محنت اور جدوجہد سے اپنے حالات بدل لے تو ہم اپنے مشن میں کامیاب ہو جائیں گے۔ واضح رہے اس فلم کیلئے شوبز انڈسٹری کے نامور لوگوں نے اپنی وائس اوور دی ہے اِن میں فلم کے مرکزی کردار جان ’’منگو‘‘ کو افضل خان (جان ریمبو) نے آواز دی ہے جبکہ مس فتنہ کے کردار میں حنا دِل پذیر نے رنگ جمایا۔

جاوید شیخ چنگو (منگو کے والد) ، بادشاہ خان ( غلام محی الدین) ، اسماعیل تارہ (پہلوان چاچا)، شبیر جان (سردار چاچا) ، عرفان کھوسٹ (جمبورا) ، احسن رحیم (مسٹر پروپیگنڈا)، فیصل قریشی (بریکنگ نیوز) ، شفاعت علی (ٹرمپ) ، عدیل ہاشمی (شہزادہ خان)، مانی (رنگیلا)، عرفان ملک پنوتی اور علی حسن نے راجا انکل کے کرداروں کیلئے صدا کاری کی ہے۔
وقت اشاعت : 13/10/2018 - 20:43:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :