گلوکارہ زبیدہ خانم کی 5 ویں برسی کل جمعہ کو منائی جائے گی

جمعرات 18 اکتوبر 2018 13:23

گلوکارہ زبیدہ خانم کی 5 ویں برسی کل جمعہ کو منائی جائے گی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2018ء) پاکستان کی معروف گلو کارہ زبیدہ خانم کی 5 ویں برسی کل جمعہ کو منائی جائے گی۔ زبیدہ خانم 1935ء میں بھارتی شہر امرتسر میں پیدا ہوئیں تاہم قیام پاکستان کے بعد ان کا خاندان ہجرت کر کے لاہور منتقل ہوگیا۔ ان کو بچپن سے ہی موسیقی سے گہرا لگائو تھا، لہٰذا اس شوق کو تکمیل تک پہنچانے کے لیے انہوں نے 50 کی دہائی میں میوزک انڈسٹر ی میں قدم رکھا۔

ان کی آواز اور انداز گائیکی نے معروف موسیقار بابا جی اے چشتی کو بہت متاثر کیا اور انہوں نے پہلی مرتبہ زبیدہ خانم کی آواز کو فلم بلو میں متعار ف کروایا جس کے بعد وہ بہت جلد لوگوں میں مقبول ہوگئیں۔ انہوں نے اپنے فنی سفر کے دوران چند فلموں میں اداکاری کے بھی جوہر دکھائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے فنی کیرئیر میں لا تعداد گیت گائے جن کی وجہ سے ان فلموں کو زبردست کامیابی ملی۔

ان کے مقبول گیتوں میں بندے چاندی دے، میری چنی دیاں ریشمی تنداں، چھڈ جاویں نا چناں بانہہ پھڑکے، اساں جان کے میٹ لئی اکھ وے،ڈھول دلے دا جانی، لک پتلا پتنگ، دلا ٹھہر جا یار دا نظارا لین دے، آئے موسم رنگیلے سہانے، میرمیرا جیوئے ڈھولا، ہان دیامنڈیا،برے نصیب میرے ویری ہویا پیار میرا،تیرے در تے آکے سجنا وے،گوری گوری چاندنی تے ٹھنڈی ٹھنڈی چھاںنی،اے دل ذرا بتا،میرا پیار ہار گیا ،تیری الفت میں صنم،کیا ہوا دل پہ ستم،قسمت کے چاند ،زندگی ویران ہے، بلم تم ۱ٓگئے،اے چاند ان سے،پل پل میرا ۱ٓنچل،یہ برا ہے زمانہ،سیو نی میرا د ل دھڑکے شا مل ہیں۔

اس کے علاوہ ان کا گایا نعتیہ کلام شاہ مدینہ آج بھی بے حد مقبول ہے۔ ان کے گائے زیادہ ترگیت اداکارہ مسرت نذیر،صبیحہ خانم پر فلم بند ہوئے۔پاکستان میوزک انڈسٹری پر اپنے سریلے گیتوں سے راج کرنے والی زبیدہ خانم طویل علالت کے باعث 78برس کی عمر میں 19 اکتوبر 2013ء کو انتقال کر گئی تھیں۔
وقت اشاعت : 18/10/2018 - 13:23:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :