شرمین عبید چنائے نے ایک اور منفرد پراجیکٹ پر کام شروع کردیا

فلم کو(آج) 24 اکتوبر کو منائے جانے والے موسمیاتی تبدیلیوں کے عالمی دن کے موقع پر ریلیز کیا جارہا ہے

منگل 23 اکتوبر 2018 12:42

شرمین عبید چنائے نے ایک اور منفرد پراجیکٹ پر کام شروع کردیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) پاکستان کی آسکر ایوارڈ یافتہ فلمساز و ہدایتکارہ شرمین عبید چنائے نے اب موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے اینیمیٹڈ فلموں کی سیریز پر کام شروع کیا۔اس سیریز کی پہلی مختصر اینیمیٹڈ فلم ’’سیف دی فشرمین۔ اے فوکس آن رائزنگ سی لیولز‘‘ کو ریلیز کیا جارہا ہے۔

اس فلم کو(آج) 24 اکتوبر کو منائے جانے والے موسمیاتی تبدیلیوں کے عالمی دن کے موقع پر ریلیز کیا جارہا ہے۔ایس او سی فلمز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ سیریز عوامی شعور اجاگر کرنے کی مہم کا حصہ ہے اور اس سلسلے میں ریلیز کی جانے والی اردو زبان میں ہوں گی تاکہ عام لوگوں کو موسمیاتی تبدیلیوں اور گلوبل وارمنگ کے حوالے سے جاننے میں مدد ملے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ حالیہ سائنسی رپورٹس میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ عالمی درجہ حرارت میں اضافہ 3 سینٹی گریڈ سے تجاوز کرسکتا ہے اور موسمیاتی تبدیلیاں سمیت درجہ حرارت میں اضافہ بہت جلد اتنا ہوسکتا ہے کہ اس کو ریورس کرنا ممکن نہیں ہوگا۔شرمین عبید چنائے کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے عالمی دن کے حوالے سے ایس او سی فلمز کی ٹیم موسمیاتی تبدیلیوں اور عالمی درجہ حرارت میں اضافے کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے کام کررہی ہے، اس کے لیے اردو زبان میں اینیمیٹڈ فلمیں ریلیز کی جائیں گی اور ہمیں توقع ہے کہ نوجوانوں کے ساتھ ساتھ ان کے والدین ایسے انفرادی طور پر ایسے اقدامات کرسکیں گے جس سے ایک مثبت تبدیلی آسکے گی۔

اس سیریز میں مجموعی طور پر 5 فلمیں ریلیز کی جائیں گی جن میں کراچی میں ماحولیاتی تبدیلیوں، عالمی درجہ حرارت میں اضافے کی سائنس اور اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے لوگ کیا کرسکتے ہیں، جیسے موضوعات کا احاطہ کیا جائے گا۔پہلی فلم کو یوٹیوب پر دیکھا جاسکتا ہے ۔
وقت اشاعت : 23/10/2018 - 12:42:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :