پاکستانی فلم ’’درج ‘‘ کا پہلا ٹریلر جاری کر دیاگیا

فلم کی عکس بندی پاکستان کے پہاڑی اور دشوار گزار علاقوں میں کی گئی ہے فلم کی کاسٹ میں خود شمعون عباسی ایکشن دکھاتے نظر آئیں گے

بدھ 14 نومبر 2018 11:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2018ء) گزشتہ چند سال سے جہاں پاکستانی فلم انڈسٹری میں جذبہ حب الوطنی اور خالصتا اچھی تفریحی فلمیں سامنے آئیں۔وہیں سماجی اور سیاسی موضوعات پر بنائی گئی فلمیں بھی سامنے آئیں۔تاہم جلد ہی ایک ایسی فلم ریلیز ہونے والی ہے، جو ایک منفرد مسئلے اور کہانی پر بنائی گئی ہے۔اداکار شمعون عباسی کی فلم ’’درج‘‘ دراصل لاپتہ ہونے والے افراد کے معاملے پر بنائی گئی فلم ہے، جس کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا۔

مختصر دورانیے کے ٹریلر کو دیکھ کر اگرچہ کہانی کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا، تاہم ٹریلر دیکھ کر سمجھا جاسکتا ہے کہ نہ صرف فلم کی کہانی اچھی ہوگی، بلکہ اس میں اداکاروں کو بھی شاندار اداکاری کرتے ہوئے دیکھا جاسکے گا۔

(جاری ہے)

ٹریلر کے آغاز میں فلم کی مرکزی اداکارہ کو دکھایا گیا ہے، جو اپنے لاپتہ شوہر کو تلاش کرنے سے متعلق اپنی جدوجہد کا بتاتی نظر آتی ہیں۔

مختصر ٹریلر میں جہاں لاپتہ ہونے والے شوہر کی ڈھونڈتی بیوی کی جنگ اور جدوجہد کو دکھایا گیا ہے، وہیں ٹریلر میں تشدد اور سسپینس کے مناظر بھی دکھائے گئے ہیں، جس سے پوری کہانی کو سمجھنا مشکل ہے۔ٹریلر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فلم کی عکس بندی بھی پاکستان کے پہاڑی اور دشوار گزار علاقوں میں کی گئی ہے۔’درج‘ کی ہدایات بھی شمعون عباسی نے دی ہے، جب کہ انہوں نے اس کی کہانی بھی لکھی ہے۔فلم کی کاسٹ میں جہاں خود شمعون عباسی ایکشن دکھاتے نظر آئیں گے، وہیں ان کے ساتھ مائرہ خان، شیری شاہ، نعمان جاوید اور دیگر اداکار شامل ہیں۔’’درج‘‘ کو شام فلم کے بینر تلے ریلیز کیے جائے گا، تاہم ٹریلر میں فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
وقت اشاعت : 14/11/2018 - 11:52:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :