اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بند کروانے کیلئے فوراً اپنا کردار ادا کرے ‘احسن خان

پاکستان نے کرتار پور راہداری کا سنگ بنیاد رکھ کر بھارت کو ایک بار پھر امن اور دوستی کا پیغام دیا ہے

ہفتہ 1 دسمبر 2018 13:40

اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بند کروانے کیلئے فوراً اپنا کردار ادا کرے ‘احسن خان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2018ء) اداکار احسن خان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بند کروانے کیلئے فوراً اپنا کردار ادا کرے ،پاکستان نے کرتار پور راہداری کا سنگ بنیاد رکھ کر بھارت کو ایک بار پھر امن اور دوستی کا پیغام دیا ہے ۔انہوں نے ’’این این آئی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی کئی دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں صرف مسلمانوں کو ہی قتل کیا جا رہا ہے اور اب تک لاکھوں کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ دے چکے ہیں۔

مگر دنیا کی بڑی عالمی طاقتیں اور انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں نے اس طرح سے مکمل چشم پوشی اختیار کر رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین ، برما اور دیگر ممالک میں بھی مسلمانوں کا ہی قتل عام کیا جا رہا ہے اب وقت آگیا ہے کہ ایسے گھنائونے اقدامات کرنے والوں پر ہاتھ ڈالا جائے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کو ثابت کرنا ہو گا کہ وہ ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے اور جہاں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں وہاں وہ اپنا مثبت کردار ادا کرے گا ۔

احسن خان نے کہا کہ بھارت میں بھی مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتیں بھی خود کو غیر محفوظ سمجھتی ہیں اور یہ بھارتی ہٹ دھرمی کی انتہا ہے کہ صرف اپنی سیاست کی خاطر ایسا گھنائونا کھیل بھی کھیل جاتے ہیں جس سے انسانیت کا سر بھی شرم سے جھک جاتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب اقوام متحدہ کو اپنی قرار دادوں کے تحت کشمیر میں رائے شماری کرانی چاہیے ۔پاکستان نے کرتار پور راہداری کا سنگ بنیاد رکھ کر بھارت کو ایک بار پھر امن اور دوستی کا پیغام دیا ہے اور اب گیند بھارت کے کوٹ میں ہے ۔
وقت اشاعت : 01/12/2018 - 13:40:22

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :