2018ء میں ’’اوینجر انفنٹی وار‘‘ اور’’ بلیک پینتھر‘‘ نے کمائی کے نئے ریکارڈز بنائے

’’اوینجر انفنٹی وار‘‘فلم نے 5 دسمبر 2018 تک دنیا بھر سے 2 ارب 8 کروڑ 84 لاکھ 25 ہزار 125 ڈالر کمائے ’’بلیک پینتھر‘‘نے 5 دسمبر تک ایک ارب 34 کروڑ 70 لاکھ 71 ہزار 259 ڈالر بٹورے

بدھ 5 دسمبر 2018 12:30

2018ء میں ’’اوینجر انفنٹی وار‘‘ اور’’ بلیک پینتھر‘‘ نے کمائی کے نئے ریکارڈز بنائے
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2018ء) سال 2018 کا اختتام ہونے کو ہے اور دیگر شعبہ جات کی طرح شوبز سے وابستہ افراد بھی نئے سال کے منصوبے بنانے میں مصروف ہیں۔اگرچہ رواں سال کے اختتام تک مزید ہولی وڈ فلمیں ریلیز ہوں گی، تاہم اب تک کی ریلیز ہونے والی کم سے کم 700 سے زائد فلموں میں سے محض چند ایسی فلمیں ہی ہیں، جنہوں نے باکس آفیس پر کمائی کے نئے ریکارڈ بنائے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہولی وڈ میں ہر ماہ لگ بھگ 65 فلمیں ریلیز ہوتی ہیں، جن میں سے زیادہ تر باکس آفیس پر کمائی کے ریکارڈز بنانے میں ناکام ہوجاتی ہیں، تاہم پھر بھی سال بھر میں کم سے کم 2 درجن ایسی فلمیں ہوتی ہیں جوایک ہزار کروڑ روپے کمانے میں کامیاب جاتی ہیں۔رواں برس ہولی وڈ میں کچھ ایسی فلموں نے کمائی کے ریکارڈ بنائے، جن سے متعلق کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ کمائی کے نئے ریکارڈ بنانے میں کامیاب جائیں گی۔

(جاری ہے)

متعدد سپر ہیروز سے بھی زیادہ طاقتور ولن ’تھیونس‘ کی دہشت زدہ لڑائی پر مبنی فلم’’ اوینجر: انفنٹی وار‘‘ نے رواں برس سب سے زیادہ کمائی کرکے کئی لوگوں کو حیران کردیا۔اگرچہ یہ خیال پہلے ہی کیا جا رہا تھا کہ یہ فلم کمائی کے نئے ریکارڈ بنائے گی، تاہم کسی کو اندازہ نہ تھا کہ یہ فلم درجنوں فلموں کی مجموعی کمائی سے بھی زیادہ پیسے بٹورنے میں کامیاب جائے گی۔

اس فلم میں ارول اسٹوڈیوز کے سینما یونیورس ہاؤس کی 18 فلموں کے سپر ہیروز کو ایک ساتھ دکھایا گیا۔’اوینجر: انفنٹی وار‘میں معروف سپر ہیروز آئرن مین، بلیک پینتھر، کیپن امریکا، ڈاکٹر اسٹریج، اسپائیڈر مین، تھور، آنٹ مین اور ایوینجرز، گارڈینز آف دی گلیکسی اور مارول اسٹوڈیو کے دیگر تمام سپر ہیروز کو خطرناک ولن سے لڑتے ہوئے دکھایا گیا۔

اس فلم میں تمام سپر ہیروز اسی اسٹوڈیو کے طاقتور ولن ’تھینوس‘ کا مقابلہ کرتے نظر آتے ہیں، جو کہ مارول یونیورس کا ایسا ولن ہے جس کی آمد کا عندیہ 6 سال پہلے ریلیز ہونے والی پہلی ایوینجرز فلم میں دیا گیا تھا۔اس فلم کو رواں برس اپریل میں ابتدائی طور پر چند ممالک میں ریلیز کیا گیا، جس کے بعد اسے دیگر ممالک میں بھی ریلیز کیا گیا تھا۔

اس فلم نے 5 دسمبر 2018 تک دنیا بھر سے 2 ارب 8 کروڑ 84 لاکھ 25 ہزار 125 ڈالر کمائے۔یعنی اس فلم نے دنیا بھر سے پاکستانی 2 کھرب 8 ارب 84 کروڑ 25 لاکھ روپے سے زائد کی رقم بٹور کر سب سے زیادہ پیسے کمانے والی فلم کا اعزاز اپنے نام کیا۔پہلی سیاہ فام سپر ہیرو فلم ‘بلیک پینتھر’ کو اگرچہ امریکا میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم کا اعزاز حاصل ہے، تاہم اس فلم نے دنیا بھر سے اتنی کمائی نہیں کی، جتنی ’اوینجر: انفٹی وار’ نے کی۔

بلیک پینتھر کی کہانی امریکا میں 1960 اور 1970 کی دہائی میں شائع ہونے والے سیاہ فام سپر ہیروز کے کامک ناول ’بلیک پینتھر‘ سے ماخوذ ہے۔فلم میں افریقہ کے ایک گمشدہ حصے کو دکھایا گیا، فلم میں شاہی روایات اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے نئے ڈرامائی اندازوں کو بھی بھرپور دکھایا گیا۔ریان کوگلر کی ہدایت کردہ اس فلم کو 2018 کے آغاز میں ہی ریلیز کیا گیا تھا اور اس نے کمائی کے کئی نئے ریکارڈ اپنے نام کیے۔فلم کی کاسٹ میں چاڈوک بوسمین، مائیکل بی جورڈن، لپیتا نیونگو اور مارٹن فریمین سمیت دیگر اداکار شامل تھے۔اس فلم نے 5 دسمبر تک ایک ارب 34 کروڑ 70 لاکھ 71 ہزار 259 ڈالر بٹورے، یعنی اس فلم نے دنیا بھر سے پاکستانی ایک کھرب، 34 ارب 70 کروڑ 71 لاکھ روپے سے زائد کی کمائی کی۔
وقت اشاعت : 05/12/2018 - 12:30:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :