شادی کی مکمل منصوبہ بندی کرنا اور تلاش کرنا غیر ضروری عمل ہے،کترینہ کیف

آپ کبھی بھی شادی کی منصوبہ بندی نہیں کرتے ،یہ بات ایسی نہیں ہے انٹرنیٹ پر جا کربٹن دبائیں اور بندہ حاضر ہو جائے،گفتگو

منگل 18 دسمبر 2018 12:28

شادی کی مکمل منصوبہ بندی کرنا اور تلاش کرنا غیر ضروری عمل ہے،کترینہ کیف
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) معروف اداکارہ کترینہ کیف نے شادی سے متعلق خبروں پر خاموشی توڑ تے ہوئے کہا ہے کہ شادی کی مکمل منصوبہ بندی کرنا اور تلاش کرنا غیر ضروری عمل ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف نے فلم ’’زیرو‘‘ کی تشہیر کے دوران شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر کوئی مجھ سے شادی کے بارے میں پوچھتا ہے کہ کب کروں گی لیکن اس معاملے میں میرا یہ ماننا ہے کہ آپ کبھی بھی شادی کی منصوبہ بندی نہیں کرتے کیوں کہ یہ بات ایسی نہیں ہے کہ انٹرنیٹ پر جا کربٹن دبائیں اور بندہ حاضر ہو جائے۔

انہوں نے کہا کہ شادی کے معاملات کو وقت پر چھوڑ دینا چاہیے اور اگر میں یہ چاہوں اور یہ محسوس کروں کہ مجھے شریک حیات کی ضرورت ہے تو میں خود کو پیش کردوں گی لیکن شادی کی مکمل منصوبہ بندی کرنا اور تلاش کرنا ایک غیر ضروری عمل ہے۔

(جاری ہے)

کترینہ کیف نے کہا کہ اگر یہ سب کچھ ہونا ہوگا تو ازخود ہو جائے گا اور کئی بار ایسا بھی ہوا کہ بہت سے کام جن کا میں نے کرنے کا ارادہ کیا ہو تو وہ پھر بھی نہیں ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ کون جانتا ہے کہ جس کام کا آپ نہیں سوچ رہے ہوں وہ آپ کے لیے بہتر ثابت ہوسکتا ہے۔واضح رہے کہ کترینہ کیف ان دنوں آنند ایل رائے کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’زیرو‘ میں کنگ خان کے ہمراہ ببیتا کماری کا کردار ادا کررہی ہیں یہ فلم رواں سال 21 دسمبر کو سنیما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی جائیگی۔
وقت اشاعت : 18/12/2018 - 12:28:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :