معروف اداکار نصیر الدین شاہ نے ویرات کوہلی کو بدتمیز ترین کھلاڑی قراردیدیا

منگل 18 دسمبر 2018 12:31

معروف اداکار نصیر الدین شاہ نے ویرات کوہلی کو بدتمیز ترین کھلاڑی قراردیدیا
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) بولی وڈ کے مشہور و معروف اداکار نصیر الدین شاہ نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کوبدتمیز ترین کھلاڑی قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور آسٹریلوی کپتان ٹم پین کے درمیان نوک جھونک دیکھنے کو ملی تھی۔دونوں کپتانوں کے درمیان لفظی جنگ اس حد تک بڑھ گئی تھی کہ ایک دوسرے کے سامنے آکر ٹکراگئے اور بیچ بچاؤ کیلئے امپائرز کو اپنا کردار ادا کرنا پڑا تھا۔

کوہلی کوپہلے بھی سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑاہے اور اب بولی وڈ کے سینئر اداکار نصیرالدین شاہ نے بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ نصیر الدین شاہ نے کہا ہے کہ ویرات کوہلی’’بدتمیز ترین کھلاڑی‘‘ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک میڈیا پوسٹ میں کہا ہے کہ ویرات کوہلی نہ صرف دنیا کے بہترین بلے باز ہیں بلکہ بدتمیز ترین کھلاڑی بھی ہیں، کرکٹ میں ان کی چمک، تکبر اور برے رویے کے آگے پھیکی پڑ جاتی ہے اور ہاں میرا ملک چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

نصیر الدین شاہ کے سوشل میڈیا پر یہ پوسٹ کرنے سے کمنٹس کی بھرمار ہوگئی، کچھ سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ کینگروز کو شکست دینے کیلئے اس قسم کا جارح مزاج رویہ ضروری ہے جبکہ کچھ لوگوں نے اداکار کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے ویرات کوہلی پر تنقید کی ہے۔
وقت اشاعت : 18/12/2018 - 12:31:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :