معین اختر کا یوم پیدائش منایا گیا

معروف فنکار، ڈائریکٹر، پروڈیوسر، گلوکار، رائٹر اور کامیڈین نے اردن کے شاہ حسین، بے نظیر بھٹو، ذوالفقار علی بھٹو، ضیاء الحق سمیت کئی سیاسی شخصیات کے ساتھ پروگراموں کی میزبانی کی

پیر 24 دسمبر 2018 13:06

معین اختر کا یوم پیدائش منایا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 دسمبر2018ء) ٹیلی ویژن کے معروف فنکار، ڈائریکٹر، پروڈیوسر، گلوکار، رائٹر اور کامیڈین معین اختر کا یوم پیدائش پیر کو منایا گیا۔ معین اختر 24 دسمبر 1950ء کو کراچی میں پیدا ہوئے انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز سٹیج ایکٹر کے طور پر 16 سال کی عمر سے کیا اور ان کی صلاحیتوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا۔

معین اختر کی سینما اور ٹی وی کے لئے محبت کے باعث دنیا بھر میں ان کو عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے معروف پروگرام لوز ٹاک کے ذریعے لاکھوں لوگوں کو اپنا گرویدا بنایا جس میں انہوں نے معروف شاعر انور مقصود کے ہمراہ 400 سے زائد مختلف کردار ادا کئے۔ صنعت کی ترقی کے لئے ان کی خدمات کی فہرست طویل ہے۔ ایک مزاحیہ اداکار اور فنکار کے ساتھ ساتھ معین اختر ایک بہترین میزبان بھی تھے جنہوں نے اپنے کیریئر کے دوران کئی پروگراموں کی میزبانی بھی کی۔

اردن کے شاہ حسین سمیت بے نظیر بھٹو، ذوالفقار علی بھٹو، ضیاء الحق سمیت کئی سیاسی شخصیت کے پروگراموں کی میزبانی کی۔ ورسٹائل ڈرامہ ایکٹر نے 32 سے زائد ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ فلم، ٹی وی، سٹیج سمیت دیگر شعبوں میں معین اختر کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وقت اشاعت : 24/12/2018 - 13:06:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :