ملک بھر میں معین اختر کے مداحوں نے ان کی سالگرہ منائی

پیر 24 دسمبر 2018 20:32

ملک بھر میں معین اختر کے مداحوں نے ان کی سالگرہ منائی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 دسمبر2018ء) ملک بھر میں معین اختر کے مداحوں نے ان کی سالگرہ منائی۔معین اختر 24 دسمبر 1950ء کو کراچی میں پیدا ہوئے، انہیں بچپن سے ہی اداکاری کا شوق تھا۔ انہوں نے 13 برس کی عمر میں اپنے فنی کیرئر کا آغاز کیا اور پہلی مرتبہ شیکسپیئر کا ’’دی مرچینٹ آف وینس‘‘ سٹیج ڈرامہ کیا۔ معین اختر نے 16 برس کی عمر میں ٹی وی کی دنیا میں قدم رکھا۔

معین اختر نے ڈرامہ سیریل ’’روزی‘‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھوا جس میں انہوں نے ایک خاتون کا کردار ادا کیا تھا۔ ان کے متعدد مقبول ڈراموں میں ففٹی ففٹی، ہالف پلیٹ، فیملی 93 شامل ہیں جن میں یہ انور مقصود اور بشریٰ انصاری کے ساتھ بھی کام کرچکے ہیں۔ معین اختر نے یوں تو زیادہ تر مزاحیہ کردار ادا کئے ہیں لیکن سنجیدہ کردار میں بھی انہوں نے اپنا لوہا منوایا۔

(جاری ہے)

معین اختر کو اردو سمیت انگریزی، سندھی، پنجابی، میمنی، پشتو اور گجراتی زبانوں پر عبور حاصل تھا جس کے جوہر وہ اپنے ڈائلاگ کے ذریعے دکھاتے بھی تھے۔معین اختر اچھے اداکار ہونے کے ساتھ اچھے کمپئیر بھی تھے۔ انہوں نے پاکستان سمیت دنیا بھرمیں مقبولیت حاصل کی ۔ معین اختر کو 14 اگست 1996ء میں پرائیڈ آف پر فارمنس ایوارڈ دیا گیا جبکہ 2011ء میں انہیں ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔ معین اختر 22 اپریل 2011ء کو حرکت قلب بند ہونے کے باعث اپنے مداحوں سے بچھڑ گئے لیکن ان کی یادیں آج بھی زندہ ہیں۔
وقت اشاعت : 24/12/2018 - 20:32:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :