فلم پنجابی میں ہے لیکن مجھے پنجابی والا ماحول نظر نہیں آیا

پُرانی مولا جٹ میں ''نوری نت'' کا کردار نبھانے والی مصطفیٰ قریشی کا رد عمل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 25 دسمبر 2018 11:51

فلم پنجابی میں ہے لیکن مجھے پنجابی والا ماحول نظر نہیں آیا
کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2018ء) :ہدایت کار بلال لاشاری کی نئی فلم ‘دا لیجنڈ آف مولا جٹ’ نے ٹریلر جاری ہوتے ہی سب کی توجہ حاصل کر لی۔ جہاں کئی سوشل میڈیا صارفین نے اس فلم کی تعریف کی جبکہ کئی صارفین نے اس فلم کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس حوالے سے پُرانی فلم ''مولا جٹ'' میں نوری نت کا کردار نبھانے والے لیجنڈری اداکار مصطفیٰ قریشی نے ٹریلر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹریلر سے تو میں نے اندازہ لگایا ہے کہ بلال لاشاری نے بہت بڑی فلم بنائی ہے۔

وہ کافی سمجھدار ڈائریکٹر اور پروڈیوسر ہیں اور ظاہر ہے انھوں نے سوچ سمجھ کر بنائی ہے۔ فلم پنجابی میں ہے لیکن مجھے پنجابی والا ماحول نظر نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جو فلم بنائی تھی، جو ہماری مولا جٹ تھی، وہ غریبانہ تھی لیکن لوگوں نے اس کو امیرانہ کر دیا تھا اور یہ فلم تو بہرحال اربوں روپے کی ہے۔

(جاری ہے)

میں نے سنا ہے فلم کا بجٹ بہت زیادہ ہے۔

مصطفیٰ قریشی نے کہا کہ مجھے ایک بھارتی فلم کا ٹریلر دیکھ کر یہ بھی لگا کہ جیسے بھارت کی تامل زبان کی فلم تھی ’باہو بلی‘، وہ ہماری مولا جٹ سے متاثر ہو کر بنائی گئی تھی۔ پاکستان کا مولا جٹ تھا اور بھارت کا باہو بلی تھا لیکن انھوں نے بھی بڑے بڑے سیٹ لگائے تھے اور اس فلم کا بجٹ بھی کافی زیادہ تھا۔جھے لگتا ہے کہ بلال لاشاری نے اسی کو لے کر۔

۔۔ اسی سے متاثر ہو کر آج کی مولا جٹ بنائی اور پھر ارینا تھیٹر کی طرح۔۔۔ جیسے رومن سلطنت کے دور کے بارے میں جو فلمیں بنی ہیں، اس طرز پر بنائی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دور میں ہماری مولا جٹ نے کروڑوں روپے کی آمدنی حکومتی خزانے میں دی اور مجھے اُمید ہے کہ یہ مولا جٹ بھی اس سے کئی سو گنا زیادہ آمدنی پر ٹیکس حکومتی خزانے میں دے گی۔واضح رہے کہ فلم دی لیجنڈز آف مولا جٹ کا ٹریلر گذشتہ ہفتے جاری کیا گیا۔

اس فلم میں فواد خان اور ماہرہ خان کے ساتھ ساتھ حمزہ علی عباسی، حمائمہ ملک، شفقت چیمہ، گوہر رشید، فارس شفیع، نیئر اعجاز، صائمہ بلوچ اور علی عظمت سمیت دیگر اداکار نظر آئیں گے۔یہ فلم مولا جٹ (فواد خان) اور نوری نت (حمزہ علی عباسی) کے گرد گھومتی نظر آتی ہے اور یہ پہلی پاکستانی فلم بھی ثابت ہوگی جو پاکستان کے ساتھ ساتھ چین میں بھی بیک وقت ریلیز ہوگی۔اس فلم کو پاکستان کی فلم انڈسٹری کی مہنگی ترین فلم قرار دیا جا رہا ہے جس کا اندازہ فلم کا ٹریلر دیکھ کر بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔
وقت اشاعت : 25/12/2018 - 11:51:53

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :