اقراء عزیز اور یاسر حسین کے درمیان بڑھتی قربتوں کے چرچے

2018 میں سلور اسکرین کی سب سے کامیاب اداکارہ قرار دی جانے والی اقراء عزیز اور اداکار یاسر حسین اکثر ایک ساتھ دیکھے جانے لگے، اسی باعث دونوں کے درمیان قریبی تعلقات ہونے کی افواہیں بھی گردش کرنے لگیں

muhammad ali محمد علی بدھ 2 جنوری 2019 14:40

لاہور  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جنوری2019ء) اقراء عزیز اور یاسر حسین کے درمیان بڑھتی قربتوں کے چرچے، 2018 میں سلور اسکرین کی سب سے کامیاب اداکارہ قرار دی جانے والی اقراء عزیز اور اداکار یاسر حسین اکثر ایک ساتھ دیکھے جانے لگے، اسی باعث دونوں کے درمیان قریبی تعلقات ہونے کی افواہیں بھی گردش کرنے لگیں۔ تفصیلات کے مطابق سال 2018 پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کیلئے ایک اور شاندار سال ثابت ہوا۔

2018 میں پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری نے مزید اور خوب ترقی کی۔ جبکہ پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری کئی فنکاروں کو سپر سٹار بنانے میں کامیاب رہی۔ وہ فنکار جو 2018 میں کامیابیوں کی سیڑھی چڑھے، ان میں ایک نام اداکارہ اقراء عزیز کا بھی ہے۔ اداکارہ اقراء عزیز نے 2018 کے دوران کئی کامیاب اور سپر ہٹ ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کیے اور خود کو انڈسٹری کی بہترین اداکارہ قرار دلوانے میں کامیاب رہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اداکار یاسر حسین کیلئے بھی سال 2018 خاصا کامیاب رہا۔ جہاں اقراء عزیز اور یاسر حسین اپنی فنی کامیابیوں کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے رہے، وہیں اب دونوں فنکار ایک اور معاملے کی وجہ سے بھی خبروں کی زینت بننے لگے ہیں۔ سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ اداکارہ اقراء عزیز اور اداکار یاسر حسین کے درمیان قریبی تعلق پیدا ہو چکا ہے۔

دونوں فنکار اچھے دوست تو تھے ہی، تاہم کچھ عرصے سے دونوں کے درمیان پائی جانے والی قربتوں میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ اقراء عزیز اور یاسر حسین اکثر ایک ساتھ دیکھے جاتے ہیں۔ حال ہی میں یاسر حسین کی سالگرہ کی تقریب کی مہمان خصوصی بھی اقراء عزیز ہی تھیں۔ سالگرہ کے موقع پر دونوں فنکاروں کی ایک ساتھ لی گئی تصویر کے سوشل میڈیا پر خاصے چرچے بھی ہوئے تھے۔

اسی تصویر کے سامنے آنے کے بعد دونوں فنکاروں کے تعلق سے متعلق مختلف افواہیں گردش کرنے لگی تھیں۔ اب حال ہی میں دونوں فنکاروں کی جانب سے ایک فیشن شوٹ بھی کروایا گیا ہے۔ مذکورہ فیشن شوٹ میں دونوں فنکاروں کی جوڑی خاصی پرکشش دکھائی دے رہی ہے۔ تاہم کسی بھی قسم کے قریبی تعلق کی تصدیق یا تردید سے متعلق اقراء عزیز اور یاسر حسین مکمل طور پر خاموش ہیں۔ اسی لیے دونوں فنکاروں کے تعلق سے متعلق گردش کرنے والی افواہیں دم توڑنے کا نام نہیں لیتیں۔
وقت اشاعت : 02/01/2019 - 14:40:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :