ورلڈ ساکر اسٹارز 2019، گلوکار ایکون اپریل میں پاکستان آئیں گے

جمعرات 10 جنوری 2019 21:58

ورلڈ ساکر اسٹارز 2019، گلوکار ایکون اپریل میں پاکستان آئیں گے
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2019ء) بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکار ایکون جلد پاکستان آئیں گے۔ معروف ترین گانے اسمیک ڈیٹ کے گلوکار رواں سال اپریل کے مہینے میں پاکستان کے بڑے شہروں لاہور اور کراچی میں پرفارم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ایک پریس ریلیز کے مطابق ورلڈ ساکر اسٹارز کے تحت انٹرنیشنل فٹبال کے ساتھ انٹرنیشنل میوزک بھی پاکستان میں متعارف ہوگا۔

اپریل کی 26 تا 29 تاریخ کے دنوں میں ایکون اپنی ٹیم کے ساتھ یہاں تشریف لے آئیں گے ۔واضح رہے برازیلی اور پرتگالی فٹبال کھلاڑی ورلڈ ساکر اسٹارز ایونٹ 2019 کی ترقی و فروغ کے لیے پاکستان آرہے ہیں۔ایکون کی آمد سے یہ امید کی جارہی ہے کہ معروف بین الاقوامی فٹبال پلیئرز کے ساتھ ساتھ لوگوں کو ایک زبردست تقریب سے لطف اندوز ہونے کا موقع بھی ملے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان آمد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے 44 سالہ نوجوان گلوکار کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام سے ملنے کا وقت آ چکا ہے۔ بہت جلد ٹچ اسکائی گروپ کے ہمراہ کراچی اور لاہور آنے کے لیے تیار ہوں۔برطانوی ڈپٹی ہائی کمیشنر کراچی اور پاکستان میں برطانوی ڈائریکٹر برائے تجارت ایلین برنز کا کہنا ہے انہیں بے حد خوشی ہے، کس طرح اس سال پاک برطانوی تعلقات میں ترقی و بہتری آ رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ کافی پرامید ہیں کہ پاک برطانیہ تعلقات پر رواں سال 2019 تجارت، تعلیم، کھیل اور موسیقی کے شعبے میں ایک تاریخی سال ثابت ہوگا۔ایلین برنز نے کہا کہ ورلڈ ساکر اسٹارز 2019 کی یہ تقریب برطانیہ کی جانب سے پاکستان کی خوشحالی کے لیے کیے گئے عہد کا ثبوت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانوی بنیاد پر قائم ٹچ اسکائی گروپ نے پاکستان کی حمایت کرنے اور پاکستان کے بہت سے مثبت پہلوں کو دنیا بھر میں پیش کرنے کے ہمارے نقطہ نظر کا اشتراک کیا۔
وقت اشاعت : 10/01/2019 - 21:58:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :