موسیقار ماسٹر عبداللہ کی برسی جمعہ کو منائی جائے گی

پیر 21 جنوری 2019 14:35

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) ملک کے ممتاز فلمی موسیقار اور درجنوں یاد گار فلموں کے مشہور گانوں کی دھنیں مرتب کرنے والے ماسٹر عبداللہ کی 26ویں برسی یکم فروری بروز جمعہ کو عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ انور کمال پاشا کے ساتھی اور استاد بڑے غلام علی خان کے شاگرد ماسٹر عبداللہ نے فلم سورج مکھی ، ملنگی ، زندگی ، رنگوجٹ ، بابل ، ضدی ، شریف بدمعا ش ، دنیا پیسے دی ، بدل گیا انسان ، اک سی چور ، ہر فن مولا ، لاڈو ، میدان ، کمانڈو، وارث جیسی سپر ہٹ فلموں کی موسیقی ترتیب دی۔

انہوںنے شہنشاہ غزل مہدی حسن ، مالا ، احمد رشدی، مجیب عالم، رونا لیلیٰ ، تصور خانم ،نور جہاں سمیت تمام اعلیٰ پائے کے سنگرز کے ساتھ خوش اسلوبی سے کام کیا۔

(جاری ہے)

ماسٹر عبداللہ کے فلمی گانے انتہائی مقبول ہوئے جس نے ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو مزید نکھار فراہم کیا۔ انہوںنے موسیقی کی باقاعدہ تربیت استاد بڑے غلام علی خان سے حاصل کی۔ چل چلیے دنیا دی اس نکڑے ، ماہی وے سانوں بھل نہ جاویں، توں آیا سجن نہیں آیا جیسے سدا بہار نغمے آج بھی موسیقار ماسٹر عبداللہ کی یاد تازہ کر رہے ہیں۔ مرحوم کی برسی کے موقع پر تما م نگار خانوں میں خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی اور ماسٹر عبداللہ کی فن موسیقی کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

وقت اشاعت : 21/01/2019 - 14:35:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :