زاہد شاہ کا وجود فنکار کمیونٹی کے لیئے کسی سایہ دار شجر سے کم نہیں ہے۔ صدیق سنگھار

پیاری ماں، بیٹی رانی ، عید کا چاند اور ان گنت ڈرامے ایسے ہیں جو اپنا الگ مقام رکھتے ہیں

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 22 جنوری 2019 15:36

زاہد شاہ کا وجود فنکار کمیونٹی کے لیئے کسی سایہ دار شجر سے کم نہیں ہے۔ صدیق سنگھار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جنوری2019ء) معروف سماجی رہنما و ویڈیوجرنلسٹ صدیق سنگھار نے کہاہے کہ زاہد شاہ کا وجود فنکار کمیونٹی کے لیئے کسی سایہ دار شجر سے کم نہیں ہے و ہ نہ صرف معروف رائٹر ، ڈائریکٹر بلکہ ایک بہترین اداکار بھی ہیں شوبز میں ان کی شبانہ روز کاوششوں نے اسٹیج و ڈراموں کے لیے بڑے بڑے فنکاروں کو جنم دیاجو آج شوبز کی دنیا میں اپنا ایک الگ مقام رکھتے ہیں، وہ نئے فنکاروں کے لیئے جس طرح کام کرنے کے مواقع پیدا کر رہے ہیں وہ ان کے فن دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈرامہ اسٹیشن کے اسٹیج فنکاروں سے ہونے والی ملاقات میں کیا ، صدیق سنگھار کاکہنا تھا کہ میگا سوپر ہٹ اسٹیج ڈراموں کی لسٹ میں اگر نظر ڈالیں تو ان کے کام کا وزن نظر آنا شروع ہو جاتا ہے، بیٹی رانی جیسا اصلاحی ڈرامہ ہو یا پیاری ماں جیسی حسا س کہانی ہو دونوں کہانیوں کو کو بیان کرنے میں خوبی جو انہوں نے نبھائی ہے وہ نہایت ہی شاندار ہے، زاہد شاہ کے کریڈٹ میں آج کاہیرو، ہم سب پاگل ہیں، عید کا چاند، کون بنے گا بکرا، بارات بکروں کی ، اور لا تعداد ہٹ ڈراموں کی فہرست ہے،انہوں نے کہا کہ زاہد شاہ معاشرتی موضوعات پر مکمل دسترس رکھتے ہیں ، اور ہمیں امید ہے کہ ان کا نیا آنیوالا ڈرامہ اسٹیشن بھی کامیابیوں کی ایک نئی تاریخ رقم کریگا، انہوں نے کہا کہ اسٹیج ڈراموں کو جدید ٹیکنالوجی اور خطوط پر استوا ر کرانے کی ضرورت ہے اسٹیج ڈرامہ اسٹیشن میں کہانی کے پہلے اسپل کو ڈیجیٹل اسپل سے لائیو اسٹیج پر منتقل کرنے کا عمل بھی کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ کمرشل کی نجی شعبے میں سر پرستی نہیں ہورہی اور حکومتی سرپرستی بھی مفقودہے، موجودہ وزیر ثقافت متحرک ہیں اور اگر زاہد شاہ کو سپورٹ کریں تو اسٹیج ڈراموں کے دوررس نتائج سامنے آئیں گے ، انہوں نے مزید کہا کہ میری الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا سے درخواست ہے کہ ان تمام لوگوں کو بھرپور سپورٹ کریں جو عوام کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے کا کام کرتے ہیں ۔

وقت اشاعت : 22/01/2019 - 15:36:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :