کرنسی اسمگلنگ کیس،ماڈل ایان علی کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم

ایان علی کی ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لینے، مستقل حاضری سے استثنیٰ، معافی اور مقدمہ ختم کرنیکی درخواستیں مسترد ملزمہ بادی النظر میں کرنسی اسمگلنگ میں ملوث ہے ، ملزمہ کے نہ آنے پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی ہوگی، عدالت

بدھ 23 جنوری 2019 14:19

کرنسی اسمگلنگ کیس،ماڈل ایان علی کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کرنے کا حکم
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2019ء) کسٹم کی خصوصی عدالت نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں نامزد ماڈل ایان علی کو آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیدیا ہے ۔ بدھ کو کسٹم کی خصوصی عدالت کے جج ارشد بھٹہ نے ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران عدالت نے ایان علی کی جانب سے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لینے، مستقل حاضری سے استثنیٰ، معافی اور مقدمہ ختم کرنیکی درخواستیں مسترد کردیں۔

خصوصی عدالت نے ملزمہ ایان علی کو آئندہ تاریخ پر پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزمہ بادی النظر میں کرنسی اسمگلنگ میں ملوث ہے اور ملزمہ کے نہ آنے پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی ہوگی۔خصوصی عدالت نے گواہان کو بھی نوٹس جاری کرکے کرنسی اسمگلنگ کیس کی آئندہ سماعت 15 فروری تک کے لیے ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ایان علی کو 14 مارچ 2015ء کو اسلام آباد سے دبئی جاتے ہوئے بینظیر بھٹو ایئرپورٹ پر اٴْس وقت حراست میں لیا گیا تھا، جب ان کے پاس سے پانچ لاکھ ڈالرز برآمد ہوئے تھے جس کے بعد ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کا مقدمہ درج کیا گیا اور انہیں جیل کی ہوا بھی کھانی پڑی ، ان کا نام بھی ای سی ایل میں ڈال دیا گیا تھا۔

بعدازاں ای سی ایل سے نام نکالے جانے کے بعد وہ بیرون ملک روانہ ہوگئیں اس دوران کرنسی اسمگلنگ کیس کی کئی سماعتیں ہوئیں، جن میں وہ غیر حاضر رہیں تاہم گذشتہ برس نومبر میں انہوں نے جلد وطن واپس آنے کا اعلان کیا تھا۔
وقت اشاعت : 23/01/2019 - 14:19:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :