دلیپ کماراور راج کپور کے گھروں کو محفوظ بنانے کا منصوبہ کھٹائی میں پڑگیا

پشاور میں بھارتی لیجنڈ اداکار دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھر خستہ حالت اختیار کرچکے ہیں

منگل 29 جنوری 2019 11:59

دلیپ کماراور راج کپور کے گھروں کو محفوظ بنانے کا منصوبہ کھٹائی میں پڑگیا
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2019ء) پشاور میں بالی ووڈ اداکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کے گھروں کو محفوظ بنانے کا منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیا جس کے باعث دونوں لیجنڈاداکاروں کے گھر خستہ حالت اختیار کرگئے ہیں۔محکمہ آثار قدیمہ کی ناقص منصوبہ بندی کے باعث اندرون شہر میں تاریخی اور پرانی عمارتوں کا اجاگر کرنے کا منصوبہ بھی تاخیر کا شکار ہوگیا ہے، تحصیل گور گھٹری سے گھنٹہ گھر تک کروڑوں روپے مالیت کی لاگت سے ہیرٹیج ٹریل تو بنالی گئی ہے لیکن قدیم عمارتوں کو اسی حالت میں چھوڑ دیا گیا ہے۔

پشاور کے علاقہ محلہ خداداد میں بھارتی لیجنڈ اداکار دلیپ کمار اور ڈھکی نعلبندی میں راج کپور کے آبائی گھر خستہ حالت اختیار کرچکے ہیں ان گھروں کو 2014 میں قومی ورثہ قراردیا گیا لیکن اس کے باوجود ان گھروں کو محفوظ نہیں بنایا جاسکا۔

(جاری ہے)

قومی ورثہ قرار دینے کے بعد ایکویٹی ایکٹ کے تحت اسے مسمار کرنا اور ازخود سے اس کی مرمت و تعمیر قانوناً جرم ہے لیکن محکمہ آثار قدیمہ بھی ان تاریخی گھروں کو محفوظ بنانے کے منصوبے پر عمل نہیں کر رہی۔

محکمہ آثار قدیمہ خیبرپختونخوا کی جانب سے بازار کلاں، محلہ سیٹھیان اور تحصیل گورگھٹری م?ں پرانی اور تاریخی عمارتوں کو محفوظ بنانے کا منصوبہ بھی بنایا گیا جس میں سیاحوں کو راغب کرنے اور شہریوں کی تفریخ کے لیے ہیرٹیج بھی بنائی گئی لیکن کروڑوں روپے مالیت سے ہیرٹیج تو بنالی گئی لیکن قدیم اور پرانی عمارتوں کو اسی حالت چھوڑ دیا گیا ہے اور جس کے باعث عمارتوں کے مالکان پر تذبذب کا شکار ہوگئے ہیں کہ اگر اس کی مرمت کی جاتی ہے تو محکمہ آثار قدیمہ کے جانب سے ان کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔

محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے سروے کے مطابق تحصیل گور گھٹری سے گھنٹہ گھر تک تین تاریخی اور 75 پرانی عمارتیں ہیں محلہ سیٹھیان کے علاوہ بازار کلاں میں پرانی اور قدیم عمارتوں پر کام چھوڑ دیا گیا ہے اور قدیم عمارتوں کو محفوظ بنانے کا منصوبہ کھٹائی کا شکارہوگیا ہے۔دوسری جانب محکمہ آرکیالوجی کے ترجمان نواز احمد نے بتایا کہ ہیرٹیج میں آنے والی قدیم عمارتوں کو محفوظ بنایا جائے گا اس حوالے سے منصوبہ ختم نہیں کیا گیا جبکہ پورے صوبے میں بھی قدیم عمارتوں کو محفوظ بنایا جائے گا۔
وقت اشاعت : 29/01/2019 - 11:59:08

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :